بھارت میں ڈیزل اور پٹرول کی قیمت پانچ سال کی بلندترین سطح پر پہنچ گئیں،

کانگرس کا اظہار تشویش

پیر 21 مئی 2018 12:27

بھارت میں ڈیزل اور پٹرول کی قیمت پانچ سال کی بلندترین سطح پر پہنچ گئیں،
نئی دہلی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2018ء) بھارتی اپوزیشن جماعتکانگریس نے ڈیزل اور پٹرول کی قیمت پانچ سال میں سب سے اونچی سطح تک پہنچنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کو ایندھن سے حاصل ہونے والی کمائی کا استعمال الیکشن جیتنے اور حکومتیں بنانے کے لئے کرنے کے بجائے تیل کی قیمتیں کنٹرول کرنے اور عام عوام کو فائدہ پہنچانے کے لئے کرنا چاہئے۔

(جاری ہے)

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق کانگریس کے ترجمان جے ویر شیر گل نے صحافیوں سے کہا کہ ملک میں مہنگائی آسمان چھو رہی ہے اور پٹرول و ڈیزل کے نرخ پانچ سال میں بلند ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں۔ حکومت نے ان چار سالوں کے دوران ایندھن کی فروخت سے بہت کمائی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کو اس کمائی کا استعمال کرناٹک اور دیگر ریاستوں میں حکومت بنانے کیلئے ممبران اسمبلی کی خریداری جیسے کاموں کی بجائے عام لوگوں کے مفاد میں کرنا چاہئے۔

ترجمان نے کہا کہ مودی حکومت نے ایندھن سے ٹیکس کی شکل میں اب تک دس لاکھ کروڑ روپے حاصل کئے اور انہی پیسوں سے وہ جمہوریت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کمائی کا فائدہ عام لوگوں کو بھی ملنا چاہئے اور تیل کی قیمتیں کم کرنی چاہیں۔