لارڈز ٹیسٹ میں سب سے پسندیدہ پاکستانی کرکٹر کو ٹیسٹ کیپ ملنے کا امکان

پیر 21 مئی 2018 11:59

لارڈز ٹیسٹ میں سب سے پسندیدہ پاکستانی کرکٹر کو ٹیسٹ کیپ ملنے کا امکان
لندن(ا ردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔21مئی 2018 ء) دورہ آئر لینڈ سے قبل کینٹ اور نارتھمپٹن شائر کے خلاف پریکٹس میچز اور پھر ڈبلن ٹیسٹ میچ کے لیے نظر انداز کیے جانے والے فخرزمان کو لارڈز ٹیسٹ میں گرین کیپ ملنے کا امکان روشن ہوگیا ہے کیوں کہ اوپنر نے لیسٹر شائر کے خلاف دو روزہ پریکٹس میچ میں 71رنز دھواں دھار اننگز کھیل کر طویل فارمیٹ کی کرکٹ میں بھی اپنی افادیت ثابت کردی ہے ۔

لارڈز ٹیسٹ میں فخر زمان کو ٹیسٹ کیپ دیئے جانے کی صورت میں بابر اعظم یا حارث سہیل کو ان کے لیے جگہ خالی کرنی پڑے گی ، حارث سہیل نے نارتھمپٹن شائر کے خلاف پریکٹس میچز میں 79اور55رنز ناٹ آﺅٹ کی اننگز کھیلیں تھیں تاہم آئر لینڈ کے خلاف ڈبلن ٹیسٹ میں وہ محض31اور7رنز کی باریاں ہی کھیل پائے لیکن ان کی باﺅلنگ کی افادیت سے انکار کسی طور پر ممکن نہیں ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب بابر اعظم اگر چہ آئر لینڈ کے خلاف ڈبلن ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں ایک کیچ ڈراپ ہونے کے بعد 59رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے تھے تاہم یہ ان کی آخری دس ٹیسٹ اننگز کا سب سے بہترین سکور اور ان کے ٹیسٹ کیریئر کی محض تیسری نصف سنچری تھی ۔بابر اعظم آخری 10ٹیسٹ اننگز میں 16.70کی اوسط سے محض 167رنز سکور کرسکے ہیں ، اگر حارث سہیل کی اس فارمیٹ میں نسبتا بہترین فارم اور باﺅلنگ آپشن کو مد نظر رکھا جائے تو بابر اعظم کو فخر زمان کے لیے جگہ خالی کرنی پڑ سکتی ہے ۔

دوسری جانب فخر زمان بھی ٹیسٹ ٹیم میں جگہ بنانے کے لیے بے تاب نظر آتے ہیں جن کا ایک انٹر ویو کے دوران کہنا تھا کہ ہر کرکٹر کی میری بھی ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کی خواہش ہے اور اگر مجھے لارڈز میں ٹیسٹ ڈیبیو کرنے کا موقع ملا تو یہ میرے خواب کی تعبیر ہوگی ۔فخر زمان کا مزید کہنا تھا کہ میں کافی فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلی ہے اور انگلینڈ میں ڈیوک گیند سے پریکٹس بھی کی ہے ،میں نے اپنی پر فارمنس دکھا دی ہے اور اب میری سلیکشن کا فیصلہ کوچ اور کپتان کے ہاتھ میں ہے،میں ایک سا ل سے قومی ون ڈے اور ٹی ٹونٹی ٹیم کا رکن ہوں اور اب ٹیسٹ ٹیم کا بھی حصہ بننا چاتا ہوں۔

متعلقہ عنوان :