ٹیکساس کے ہائی سکول میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی طالبہ سبیکا شیخ کی میت کل پاکستان پہنچے گی

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا پاکستانی طالبہ کے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 21 مئی 2018 11:57

ٹیکساس کے ہائی سکول میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی طالبہ سبیکا شیخ ..
ہوسٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔21 مئی۔2018ء) امریکی ریاسٹ ٹیکساس کے سانٹا فے ہائی سکول میں طالبعلم کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کی میت کل پاکستان پہنچے گی۔تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست ٹیکساس میں شہرہوسٹن کے نزدیک سانٹا فے ہائی سکول میں طالبعلم کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کی میت نجی ایئرلائن کی ذریعے کراچی پہنچے گی۔

سبیکا شیخ کی میت امریکہ سے کراچی لانے والی پرواز خراب موسم کے باعث دو گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی‘ پاکستانی طالبہ کی میت لانے والی پرواز براستہ استنبول کراچی پہنچے گی۔ہوسٹن میں پاکستانی قونصل جنرل عائشہ فاروقی نے بتایا کہ طالبہ کی میت وطن واپس لانے کے سلسلے میں تمام اخراجات پاکستانی قونصل خانہ ادا کررہا ہے۔

(جاری ہے)

عائشہ فاروقی نے کہا کہ پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کی میت منگل کی صبح کراچی پہنچے گی -قبل ازیں سبیکا شیخ کی نماز جنازہ ہوسٹن کے علاقے شوگرلینڈ کی مسجد صابرین میں نماز ظہرکے بعد ادا کی گئی جس میں پاکستانی کمیونٹی سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

دعائیہ تقریب میں پاکستانی قونصل جنرل عائشہ فاروقی، میئرہوسٹن سلویسٹرٹنر، رکن کانگریس آل گرین، ٹیکساس سے رکن کانگریس شیلا جیکسن نے بھی شرکت کی۔میئرہوسٹن نے اس حوالے سے اپنے ٹویٹرپراپنے پیغام میں کہا سبیکا ہماری بھی بچی تھی، بالکل ان بچوں کی طرح جو اس واقعے میں اپنی جان سے ہاتھ دھوبیٹھے۔دوسری جانب واشنگٹن میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ٹیکساس سانٹا فے ہائی سکول میں فائرنگ کے نتیجہ میں جاں بحق ہونے والی پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

سبیکا شیخ امریکی وزارت خارجہ کے زیر اہتمام یوتھ ایکسچینج پروگرام کے تحت اس امریکی سکول میں زیر تعلیم تھیں۔اپنے تعزیتی پیغام مائیک پومپئیو نے کہا ہے کہ سبیکا شیخ کی موت پر امریکا اور پاکستان میں دکھ اورافسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ جمعہ کو پیش آنے والے اس واقع میں 10 افراد مارے گئے تھے اور اتنے ہی زخمی ہو گئے تھے۔امریکہ کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ریاست ٹیکساس کے شہر سانٹا فے کے ہائی سکول پر جمعہ کے روز کئے گئے مسلح حملے میں یوتھ ایکسچینج پروگرام کے تحت زیر تعلیم پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کی ہلاکت پر تعزیتی پیغام جاری کیا ہے۔

پومپیو نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میں سانٹا فے ہائی سکول پر حملے کے المیے میں ہلاک ہونے والی سبیکا شیخ کے کنبے اور دوستوں کے ساتھ اظہار تعزیت کرتا ہوں۔