ْکشمیری شہداء کے مشن کو ہر قیمت پر اس کے منطقی انجام تک جاری رکھا جائے گا، عوامی مجلس عمل

پیر 21 مئی 2018 11:50

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیرمیںعوامی مجلس عمل نے ہفتہ شہادت کی تقریبات کے سلسلے میں پارٹی کے مرکزی دفتر میر واعظ منزل راجوری کدل پرورکرز ریلی منعقد کرنے سے روکنے کیلئے کٹھ پتلی انتظامیہ کی طرف سے سرینگر خاص طورپر شہر خاص میں کرفیو اوردیگر سخت پابندیاںنافذ کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عوامی مجلس عمل کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاہے کہ انتظامیہ نے پورے علاقے میں بھارتی فورسز کی بڑی تعداد کو تعینات کر کے مرکزی دفتر تک آنیوالے تمام راستوں کی ناکہ بندی کردی جبکہ میر واعظ منزل کو فورسز اہلکاروںنے اپنی تحویل میں لے لیا ۔

انہوںنے تنظیم کے سربراہ میر واعظ عمر فاروق کی مسلسل گھر میں نظربندی اور دیگر پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں کے گھروں پر چھاپوں ، گرفتاریوں اورخوف و دہشت کا ماحول پیدا کرکے ہفتہ شہادت کی کارروائیوں کو سبوتاژ کرنے کی کٹھ پتلی انتظامیہ کی کوششوں کی شدید مذمت کی۔

(جاری ہے)

میرواعظ کی مسلسل نظر بندی اور ہفتہ شہادت کے پروگراموں میں انکی شرکت پر عائد قدغن اور ورکرز ریلی اور بعدازاں شہیدی چوک حول میں تنظیم کی پرچم کشائی کی تقریب کو ناکام بنانے کی کٹھ پتلی انتظامیہ کی کارروائیوں کو سیاسی انتقام قراردیا۔

انہوںنے کہاکہ ورکرز ریلی میں وادی کشمیر کے مختلف اضلاع خاص طورپر چناب اور جموں سے بھی مندوبین ، عہدیداروں اور کارکنوںنے شرکت کرنی تھی تاہم نام نہاد حکمرانوں نے تنظیم کے پروگرام سے خوفزدہ ہوکر اپنی آمرانہ پالیسیوں کے تحت سرینگر کے شہر خاص میں کرفیو نافذ کرکے مجوزہ ورکرز ریلی کو ناکام بنانے کی کوشش کی جوکہ انتظامیہ کی بوکھلاہٹ کا واضح ثبو ت ہے ۔

ترجمان نے واضح کیاکہ شہید میر واعظ مولوی محمد فارو ق اور دیگر ہزاروں سرفروش کشمیر نے جس بلند نصب العین کیلئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے اسے پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے ہر سطح پر پر امن جدوجہد جاری رکھی جائیگی ۔انہوںنے واضح کیاکہ قتل عام ، ظلم و تشدد، گرفتاریوں ، نظربندیوں ، گرفتاریوںاوردیگر ہتھکنڈوں سے آزادی پسند رہنمائوںاورکشمیری حریت پسند عوام کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کیاجاسکتا ۔انہوںنے جدوجہد آزادی کشمیر کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے کشمیریوںکے عزم کا اعادہ کیا۔