مقبوضہ کشمیر، سانحہ حول کی تلخ یادیں 28برس گزرنے کے بعد بھی لوگوں کے ذہنوں میں تازہ

سانحہ میںملوث بھارتی فورسز کے اہلکار آج بھی آزاد گھوم رہے ہیں، متاثرہ خاندان انصاف کے منتظر

پیر 21 مئی 2018 11:50

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیرمیں سانحہ حول کواگرچہ 28 برس مکمل ہو چکے ہیں تاہم اس کی تلخ یادیں آج بھی لوگوںکے ذہنوں میں تازہ ہیں۔ کشمیرمیڈیاسرو س کے مطابق بھارتی فورسز نے 21مئی1990ء کے دن سرینگر کے علاقے حول میں ممتاز آزادی پسند رہنماء میر واعظ مولوی محمد فارق کے جنازہ کے شرکاء پر اندھادھند فائرنگ کرکے 70سوگواروںکو شہید کردیاتھا ۔

1990ء میں آج کے دن بھارتی فورسز نے حول کی سڑکوں پرجوخون کی ہولی کھیلی تھی اس کے چھینٹے 28برس گزرنے کے بعد بھی متاثرہ خاندانوں کے دلوں میں پیوست ہیں۔ اس سانحہ میں زخمی ہونے اور معجزاتی طور پر بچ جانے والے لوگوںکو اب بھی گولیوں کی گنگناہٹ اور معروف آزادی پسند رہنماء کے جنازے کے شرکاء کی چیخ و پکار سنائی دیتی ہے۔

(جاری ہے)

انسانی حقوق کی مقامی تنظیم انٹر نیشنل فورم فار جسٹس کے محمداحسن اونتو نے سانحہ حول سے متعلق انسانی حقوق کے ریاستی کمیشن کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا جس کے بعد28 فروری2014ء کو کمیشن کے اس وقت کے قائمقام چیئرمین فدا حسین نے اس سانحے کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔

کمیشن کے سربراہ جسٹس(ر) بلال نازکی کوحال ہی میں پیش کی گئی عبور ی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس نی21مئی1990ء کو حول اور گوجوارہ کے نزدیک میر واعظ مولوی فاروق کے جنازے میں شریک لوگوں پر کی گئی اندھا دھند فائرنگ کی تحقیقات عمل میں لانے کیلئے 3 اعلیٰ افسروں پر مشتمل ایک کورٹ آف انکوائری تشکیل دیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایم پی سنگھ کی سربراہی میں قائم کورٹ آف انکوائری ٹیم نے اپنی تحقیقات کے بعد بتایا کہ 21مئی1990ء کوحول کے نزدیک فائرنگ کا جو واقعہ پیش آیا تھا ، اس میں سی آر پی ایف کی 69 ویں بٹالین سے وابستہ 15اہلکاروں کو ملوث پایا گیا جنہوںنے عام شہریوں پر اندھا دھند گولیاں چلانے کا ارتکاب کیا۔

تاہم مجرم اہلکاروں کے خلاف آج تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے اور وہ کھلے عام گھوم رہے ہیں۔ یا درہے کہ میر واعظ مولوی محمد فاروق کی شہادت کے بعد ان کے جنازے کے شرکاء پر حول کے قریب بھارتی فوجیوں کی بلا اشتعال فائرنگ سے 70سے زائد افراد شہید ہو گئے تھے جن کے اہل خانہ کو اب تک انصاف نہیں مل سکا۔