کراچی میں درجہ حرارت آج بھی 44 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوزکیئے جانے کا امکان

سمندری ہوائیں بند ہیں، دن بھرشمال کی جانب سے 10 کلومیٹرکی رفتارسے گرم اورخشک ہوائیں چلتی رہیں گی۔محکمہ موسمیات

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 21 مئی 2018 11:44

کراچی میں درجہ حرارت آج بھی 44 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوزکیئے جانے کا امکان
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔21 مئی۔2018ء) کراچی میں درجہ حرارت آج بھی 44 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوزکیئے جانے کا امکان ہے-محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں شہریوں کوآج بھی چلچلاتی دھوپ اورگرم ہواﺅں کا سامنا رہے گا جبکہ درجہ حرارت 44ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرسکتا ہے۔گزشتہ روزکی طرح آج بھی سمندری ہوائیں بند ہیں، دن بھرشمال کی جانب سے 10 کلومیٹرکی رفتارسے گرم اورخشک ہوائیں چلتی رہیں گی۔

ہوا میں نمی کا تناسب انتہائی کم ہونے سے شہرہیٹ ویوسے محفوظ ہے تاہم شدید گرمی کی لہرمزید 2سے 3روزجاری رہے گی۔دوسری جانب طبی ماہرین نے شہریوں کو دھوپ میں باہر نکلنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اگرباہرجانا بھی پڑے تو چھتری استعمال کریں اور سر پر گیلا کپڑا رکھیں۔

(جاری ہے)

اتوارکے روزشہرقائد میں جھلسا دینے والی گرمی نے روزے داروں کونڈھال کردیا تھا جب درجہ حرارت 44 ڈگری تک جاپہنچنا ۔

محکمہ موسمیات نے کراچی کے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ شہر قائد میں سمندری ہوائیں رک گئی ہیں‘ہوا میں نمی کا تناسب 10فیصد ہے، بلوچستان کی گرم اور خشک ہوائیں 10کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے کا امکان ہے۔کراچی میں گزشتہ روز درجہ حرارت 44ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تاہم تپش کا احساس 46 ڈگری رہا، سمندری ہوائیں بھی بند رہیں۔محکمہ موسمیات نے شدید گرمی کی لہر پیر تا بدھ بر قرار رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عبدالرشید کا کہنا ہے کہ آئندہ تین دن درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہیٹ ویو کا زور جمعرات کے بعد سے ٹوٹنا شروع ہوگا، جمعہ سے سے درجہ حرارت میں بتدریج کمی آنا شروع ہو جائے گی۔اندرون سندھ پارہ 50 ڈگری تک جاسکتاہے، گزشتہ روز مٹھی 45 ڈگری کے ساتھ ملک کا گرم ترین مقام رہا۔ادھر کراچی انٹربورڈ نے گرمی کی شدید لہر کے باعث 21 سے 23 مئی تک ہونے والے امتحانات ملتوی کردیے۔

انٹر بورڈ کے مطابق امتحانات گرمی اور ہیٹ ویو کے خدشے کے پیش نظر ملتوی کیے گئے ہیں، ملتوی پرچوں کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔انٹربورڈ کی طرف سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق 24 مئی سے تمام پرچے شیڈول کے مطابق ہوں گے۔ محکمہ موسمیات نے آج مالاکنڈ ڈویژن اور بالائی فاٹا میں کہیں کہیں بارش کی پیشگوئی کی ہے جبکہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔