Live Updates

پاکستان تحریک انصاف مزید وکٹیں اُڑانے کے لیے تیار

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کی پی ٹی آئی میں شمولیت کا امکان

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 21 مئی 2018 11:21

پاکستان تحریک انصاف مزید وکٹیں اُڑانے کے لیے تیار
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 مئی 2018ء) : الیکشن نزدیک آتے ہی سیاسی جماعتوں میں جوڑ توڑ کا سلسلہ جاری ہے۔ فی الوقت کئی سیاسی رہنما اپنی پارٹیاں چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کا بھی پی ٹی آئی میں شامل ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ قومی اخبار میں شائع ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ پیپلز پارٹی کے سابق وزیر اطلاعات قمر الزمان کائرہ نے پی ٹی آئی میں شامل ہونے کے لیے تیاری مکمل کرلی ہے۔

اس حوالے سے ان کی ملاقاتیں پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے سابق اراکین قومی اسمبلی اور مرکزی وزیر نذر گوندل سے ہوئیں، جو ان کی طرح پیپلز پارٹی کے متحرک رکن تھے ، پیپلز پارٹی کے ان رہنماؤں کا شکوہ ہے کہ انہیں پارٹی میں وہ عزت اور اہمیت نہیں دی جا رہی جس کے وہ مستحق ہیں، مبینہ طور پر قمر الزمان کائرہ نے اپنے علاقہ کے دیگر ایم پی ایز اور متحرک ورکرز سے بھی مشورہ کیا ہے جنہوں نے انہیں پی ٹی آئی میں شامل ہونے کا کہا ، لیکن اس حوالے سے ان کے حلقے میں تحریک انصاف کے سابق اور بنیادی ارکان ان کی پی ٹی آئی میں شمولیت کے سخت مخالف ہیں، اور انہوں نے اپنی اعلیٰ قیادت کو مطلع کیاہے کہ اگر ہمیں نظر انداز کر کے قمر الزمان کائرہ کو پی ٹی آئی میں شامل کیا گیا تو وہ مسلم لیگ ق یا ن میں شامل ہو جائیں گے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ق کی قیادت نے بھی پاکستان تحریک انصاف کو پیغام دیا ہے کہ قمرالزمان کائرہ اور تنویر اشرف کائرہ کو پارٹی میں شامل نہ کیا جائے کیونکہ علاقہ میں ان کے بارے میں اچھا تاثر نہیں پایا جاتا ،انہوں نے اقتدار کے دوران عوامی خدمت کی بجائے ذاتی مفادات کو ترجیح دی جس پر علاقہ کے لوگ ان سے نالاں ہیں اور مسلم لیگ ن کی طرح ان کا بھی سیاست میں باب بند پو چکا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل پیپلز پارٹی سے فردوس عاشق اعوان، بابر اعوان اور ندیم افضل چن پی ٹی آئی میں شامل ہو چکے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات