وزیر اعظمکا کراچی میں جاری ترقیاتی کاموں اور امن و امان کی بہتر صورتحال پر اطمینان کا اظہار

اتوار 20 مئی 2018 22:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مئی2018ء) وزیر اعظم پاکستان نے کراچی میں جاری ترقیاتی کاموں اور امن و امان کی بہتر صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ،تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی گورنرہاؤس میں کینسر کیئر اسپتال کی فنڈ ریزنگ کی تقریب میں شرکت کیلئے ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے ،کراچی پہنچنے پر گورنر سندھ محمد زبیر نے ان کا استقبال کیا،جس کے بعد وہ گورنرہاؤس گئے جہاں پر گورنرسندھ محمد زبیر نے وزیراعظم کو کراچی میں جاری ترقیاتی اسکیموں او رامن و امان کے حوالے سے بریفنگ دی ،وزیراعظم نے صورتحال پر مجموعی طور پر اطمینان کا اظہار کیا،جبکہ بعد ازاں کینسر کئیر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اسپتال کیلئے حکومت کی طرف سے 10 کروڑ روپے عطیہ کا اعلان کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ مخیر حضرات بھی کینسر اسپتال کیساتھ تعاون کریں گے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کینسر کیئر اسپتال سے عوام کو سہولت میسرآئے گی لیکن تمام افراد تک سہولیات پہنچانے کیلئے مزید وسائل درکار ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کہا کہ نجی شعبوں کیساتھ شراکت داری سے وسائل کے مسئلے پر قابو پایا جاسکتا ہے۔امید ہے کہ نجی شعبے اس سلسلے میں تعاون کریں گے۔علاوہ ازیں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی امریکہ میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کے گھر پر بھی گئے ،جہاں انہوں نے سبیکا کے گھر والوں سے تعزیت کا اظہار کیا اور سبیکا کیلئے دعائے مغفرت بھی کی۔#