وفاقی وزیر سائرہ افضل تارڑکی زیرصدارت جنیوا میں عالمی ادارہ صحت کے بحیرہ روم خطہ کے ممالک کا خصوصی اجلاس

تنظیم کے علاقائی سربراہ ڈاکٹر محمود فکری کی اچانک وفات کے بعد خالی نشست پر انتخاب کرایا گیا

اتوار 20 مئی 2018 21:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2018ء) وفاقی وزیر قومی صحت سائرہ افضل تارڑ نے جنیوا میں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)کے مشرقی بحیرہ روم خطہ کے ممالک کے خصوصی اجلاس کی صدارت کی جو تنظیم کے نئے علاقائی سربراہ کے انتخاب کے لئے بلایا گیا تھا۔اتوار کو یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ انتخاب تنظیم کے علاقائی سربراہ ڈاکٹر محمود فکری کیاچانک وفات کے بعد خالی نشست پر کرایا گیا ہے۔

سائرہ افضل تارڑ نے مکمل انتخابی عمل کی صدارت کی انتخابی عمل میں اومان ،لیبیا،سعودی عرب،لبنان،مصر اور عراق سمیت سات ممالک نے حصہ لیا۔متعلقہ ممالک کے امیدوارروں میںاعلی سطح کے پیشہ ور ماہرین جو بین الاقوامی شہرت اور تجربہ کے حامل ہیں شامل تھے ، امیدواروں نے اجلاس میں پریزینٹیشنز پیش کیں اور تجاویز دیں کہ خطہ جو جنوبی ایشیا میں پاکستان سے شروع ہوتا ہے اور شمالی افریقہ میں موریطانیہ تک محیط ہے میں عوام کی صحت میں بہتری کے ایجنڈے کو کس طرح سے آگے بڑھایا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

انتخابات کے دو مراحل منعقد ہوئے اومان سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر احمد المندھاری نے پہلے مرحلہ میں 18 ووٹ اور حتمی مرحلہ میں 12ووٹ حاصل کر کے کامیاب قرار پائے،سائرہ افضل تارڑ نے نتائج کا اعلان کیا۔انتخابات میں کامیابی کے بعد ڈاکٹر المندھاری 5سال کی مدت کے لئے ڈبلیو ایچ او کے علاقائی ڈائریکٹر مشرقی بحیرہ روم خطہ کا چارج سنبھالیں گے جس کا علاقائی صدر دفتر مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں قائم ہے۔

سائرہ افضل تارڑ نے منٹخب علاقائی ڈائریکٹر کو کامیابی کی مبارکباد دی اور علاقئی رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ صحت عامہ کی بہتری کے لئے اپنے اپنے ممالک میں علاقائی تنظیم کے ساتھ تعاون کریں۔انھوں نے قائم مقام علاقائی سربراہ ڈاکٹر جواد ماہجور کی کوششوں کو بھی سراہا اور انتخابی عمل کو شفاف بنانے کے لئے عملہ کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔

وزیر قومی صحت نے اپنی مدت سربراہی کے دوران علاقائی کمیٹی کے ساتھ تعاون پر تمام علاقائی ممالک کا بھی شکریہ ادا کیا۔وفاقی وزیر نے گزشتہ اکتوبر میںاسلام آباد میں منعقد ہونے والے علاقائی کمیٹی کے اجلاس کا بھی خصوصی طور پر ذکر کیا جس میں 22 ممالک کے وزراء اور اعلی سطحی نمائندے شریک ہوئے،انھوں نے اس بڑی تقریب کو کامیاب بنانے کے لئے علاقائی ممالک کا شکریہ ادا کیا۔