سکھر، موٹروے پولیس کی بروقت امدادی کاروائی نے نجی ٹی وی خیرپور کے کیمرامین کی جان بچالی

اتوار 20 مئی 2018 20:50

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مئی2018ء) موٹروے پولیس کی بروقت امدادی کاروائی نے نجی ٹی وی خیرپور کے کیمرامین کی جان بچالی، نیشنل ہائی وے شاہ حسین چوک خیرپور کے نزدیک نجی ٹی وی کے کیمرامین کی اچانک طبیعت خراب ہونے پر موٹر وے پولیس کے اہلکاروں نے موٹر سائیکل، ہیلمٹ اور ایک عدد ڈائری قبضے میں لے کر کیئمرامین کو خیرپور کے این آئی سی وی ڈی ہسپتال پہنچایا،کیئمرامین کی جان بچ جانے پر اہلخانہ کا موٹر وے پولیس سے اظہار تشکر۔

تفصیلات کے مطابق دوران گشت موٹر وے پولیس کے افسران پیٹرول آفیسر فرید احمد شیخ اور پیٹرول آفیسر محمد فضل اللہ کو خیرپور بائی پاس شاہ حسین چوک کے نزدیک ایک موٹر سائیکل سوار زمین پر گرا ہوا دکھائی دیا، جس پر افسران نے فوری طور پر امدادی کاروائی کرتے ہوئے مذکورہ شخص جس کا نام توصیف احمد اور نجی ٹی وی خیرپور کا کیئمرامین بتایا گیا۔

(جاری ہے)

امدادی کاروائی کے دوران معلوم ہوا کہ مذکورہ شخص کو دل کی تکلیف ہے، جس کو فوری طور پر خیرپور کے این آئی سی وی ڈی ہسپتال پہنچایا گیا۔ ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ بروقت ہسپتال پہنچنے سے مذکورہ شخص کی زندگی کو اللہ کے فضل سے بچالیا گیا ہے، جبکہ مزید علاج کے بعد بہتری کی صورت میں مریض کو گھر روانہ کردیا جائے گا۔ اس موقع پر سیکٹر کمانڈر موٹر وے پولیس سکھر سجاد حسین بھٹی نے موٹر وے پولیس افسران کو بروقت امدادی کاروائی کرنے پر شاباش دی ہے، ان کا کہنا ہے کہ نیشنل ہائی وے پر سفر کرنے والے مسافروں کی جان و مال کا تحفظ موٹر وے پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔#