سعودی عرب ، ایران مسئلہ فلسطین پر مشترکہ کردار اد اکریں، پیر اعجاز ہاشمی

اتوار 20 مئی 2018 20:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مئی2018ء) جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر اور متحدہ مجلس عمل کے نائب صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ او آئی سی کو فلسطین اور کشمیر کے مسئلے میں اپنا متحرک کردار ادا کرنا چاہئے۔ یہ پوری امت مسلمہ کی تنظیم ہے۔ کسی ایک ملک کی نہیں۔ اس لئے ضروری ہے کہ باہمی اختلافات کو ختم کرکے سعودی عرب اور ایران بھی ایک ہی سمت میں اپنا مشترکہ کردار اد اکریں۔

علاقائی تنازعات کو دونوں ممالک فلسطین کے مسئلے سے باہر رکھیں۔کچھ عرب ممالک کا اسرائیل اور امریکہ کی طرف جھکاو فلسطینی مسلمانوں کے لئے تکلیف دہ ہے۔ اس پر تمام مسلکی اور ملکی اختلافات کو بالائے طاق رکھا جائے۔ اور کسی قسم کی کوئی کوتاہی نہیں ہونی چاہیے۔پھر یہ بھی حقیقت ہے کہ یہ ایک دن کا کام نہیں، تسلسل کے ساتھ اٹھائے جانے والا ایشو ہے۔

(جاری ہے)

اب تک مسلمان ملکوں کی ناکامی کی وجہ باہمی اختلافات ہیں۔ ہمیں اس پر توجہ دینی چاہیے کہ شیعہ سنی اور عربی و عجمی کی تفریق ختم کرکے امت واحدہ کا تصور لے کر اسلام دشمن قوتوں کے سامنے ڈٹ جائیں۔ مختلف وفود سے گفتگو میں انہوںنے کہا کہ مسلمانوں میں اتحاد و وحدت ضروری ہے، منتشر امت فلسطینیوں کی مدد نہیں کرسکتی۔ اسلامی ممالک محض اجلاسوں اور قراردادوں پر اکتفاکرنے کی بجائے ،اسرائیل اور اس کے سرپرست امریکہ کا سفارتی بائیکاٹ کریں اور عالمی اداروں پر دباو بڑھائیں کہ فلسطین کو آزاد ریاست قراردے کر اسرائیل کے مظالم کا راستہ روکا جائے، لیکن واضح ہے کہ جب مسلمان ممالک ہی متفق نہیں عالم کفر سے اچھائی کی کوئی توقع نہیں کی جاسکتی۔

ہمارے لئے لمحہ فکریہ ہے کہ فلسطین اور کشمیر پر ابھی تک بات اجلاسوں اور قراردادوں سے آگے نہیں بڑھی۔