حکومت کی مدت ختم ہونے کے قریب ،لیگی رہنمائوں کے ایک دوسرے پر الزامات

اتوار 20 مئی 2018 19:20

حکومت کی مدت ختم ہونے کے قریب ،لیگی رہنمائوں کے ایک دوسرے پر الزامات
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مئی2018ء) الیکشن 2018ء کے قریب آتے ہی پاکستان مسلم لیگ ن میں اختلافات کھل کر سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں اور اراکین اسمبلی ایک دوسرے پر دبے لفظوں میں الزامات لگا رہے ہیں اس حوالے سے پاکستان مسلم لیگ ن کے اراکین اسمبلی رانا تجمل حسین اور وحید گل کے درمیان گزشتہ روز حلقہ بندیوں کے معاملے پر تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے دونوں اراکین اسمبلی نے ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ کر دی گفتگو کے دوران صوبائی رکن اسمبلی رانا تجمل حسین کا کہنا تھا کہ وحید گل نے 2002ء میں اور 2006ء میں ان کی اجازت سے ق لیگ کو ووٹ دیا تھا رانا تجمل حسین کا کہنا تھا کہ وحید گل پارٹی کے ساتھ کبھی مخلص نہیں رہے اس موقع پر وحید گل کا کہنا تھا کہ انہوں نے پارٹی کیلئے مارشل لاء کے دور میں ماریں بھی کھائی ہیں اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی ملک وحید بھی موجود تھے جنہوں نے رانا تجمل حسین کے موقف کی تائید کی اراکین اسمبلی کی گفتگو سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ ن لیگ کے اندررہنمائوں کے درمیان کافی اختلافات پائے جاتے ہیں ۔