اپنے تیسرے بچے کا نام مسلمان بادشاہ کی نشانی پر رکھوں گا ، اے بی ڈویلیئرزکا اعلان

اتوار 20 مئی 2018 15:59

اپنے تیسرے بچے کا نام مسلمان بادشاہ کی نشانی پر رکھوں گا ، اے بی ڈویلیئرزکا ..
کیپ ٹاﺅن(ا ردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20مئی 2018 ء) جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ کرکٹر اے بی ڈویلیئرز نے اپنی اہلیہ کو پرپوز کرنے کے ماسٹر پلان کے بارے میں دنیا کو آگا ہ کردیا ، اس موقع پر انہوں نے بچے کے نام کے حوالے سے ایک ایسا اعلان کر دیا ہے کہ برصغیر سے تعلق رکھنے والے ان کے مداح بے اختیار مسکرا اٹھے ہیں۔ ڈویلیئرز کا کہنا ہے کہ انہوں نے چھ سال قبل محبت کی عظیم یادگار تاج محل کے سامنے اپنی منگیتر کو شادی کی پیشکش کی تھی، جو اب ان کی بیگم اور ان کے دو بچوں کی ماں ہیں۔

اپنی زندگی کے اسی شاندار لمحے کی یاد میں اب وہ اپنے تیسرے بچے کا نام ”تاج“ رکھیں گے۔بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 34سالہ اے بی ڈویلیئرز کا کہنا ہے کہ انہوں نے 2012ءمیں اپنی منگیتر ڈینیئلا ڈی ویلیئرز کو تاج محل کے سامنے شادی کی پیش کش کا پلان انتہائی خفیہ انداز میں بنایا تھا اوراس مقصد کے لیے انہوں نے کچھ فوٹو گرافرز اور مووی میکرز کا انتظام کیا، جب وہ اور ڈینیئلا آئی پی ایل کے آغاز سے قبل تاج محل گئے تو وہ موو ی میکرز اور فوٹوگرافرز سکیورٹی گارڈز کے روپ میں ان کے ساتھ تھے اور انہوں نے ڈینیئلا کو بھی یہی بتایا کہ انہیں سکیورٹی کی ضرورت تھی جس کی وجہ سے یہ گارڈز ان کے ساتھ آئے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈیویلیئرز کے مطابق تاج محل کے سامنے انہوں نے اپنی منگیتر کو شادی کی پیشکش کی تھی جسے اس نے مسکرا کر قبول کر لیا تھا۔ اے بی ڈویلیئرز اور ان کی اہلیہ ڈینیل کے ہاں 2015ءمیں ایک بچے کی پیدائش ہوئی جس کا نام انہوں نے ابراہیم ڈویلیئرز جونیئر رکھا جبکہ 2017ءمیں پیدا ہونے والے بچے کا نام جان رچرڈ ڈویلیئرز رکھا۔ سابق جنوبی افریقی کپتان کا کہن تھا کہ وہ اپنے تیسرے بچے کا نام اپنی محبت کی یاد میں تاج رکھنا چاہیں گے ۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے جنوبی افریقہ کے ہی سابق کرکٹر جونٹی روڈز اپنی بیٹی کا نام انڈیا رکھ چکے ہیں کیونکہ اس کی پیدائش ہندوستان میں ہوئی تھی۔