معاشرے کی خدمت کرنیوالوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا،اختر علی شاہ

اتوار 20 مئی 2018 12:50

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2018ء) صوابی سٹوڈنٹس سوشل ویلفیئر سوسائٹی نے پشاور میں تقسیم انعامات کی تقریب کاانعقاد کیا جس میں سابق سیکرٹری داخلہ خیبرپختونخوا اور سابق آئی جی پی سید اختر علی شاہ نے خصوصی طور پر شرکت کی‘ سوسائٹی کے صدر رستم خان جدون تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ پروفیسر ڈاکٹر نواز نے صدارت کی ‘ اس موقع سوسائٹی کی سرگرمیوں کی رپورٹ پیش کی گئی جبکہ جنرل سیکرٹری حامد نواز نے معاشی طور پر کمزور طلباء کی امداد کے حوالے سے بھی حاضرین کو آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید اختر علی شاہ نے کہا کہ طب کا شعبہ دکھی انسانیت کی خدمت کے تناظر میں ایک بہترین شعبہ ہے اور اس شعبے میں ان لوگوں کا نام ہمیشہ یاد رکھا جائے گا جو ایک شخص کے بجائے پورے معاشرے کی خدمت کے جذبے سے کام کرتے ہیں‘ انہوں نے کہا کہ باچاخان نے بھی برطانوی راج کے دوران تعلیم اور انسانیت کی خدمت کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا‘ انہوں نے کہا کہ نامور شخصیات سے قبرستان بھرے ہیں لیکن اسلامیہ کالج کے قیام کے حوالے سے صاحبزادہ عبدالقیوم خان کا نام ہمیشہ یاد رکھا جائے گا‘ انہوں نے کہا کہ معاشرے کی خدمت کرنیوالوں کا نام ہمیشہ زندہ ر ہتا ہے ،انھوں نے کہا کہ آج کل ٹیکنالوجی کا دور ہے اور وہی قومیں ترقی کی منازل طے کر رہی ہیں جنہوںنے ٹیکنالوجی کی دنیا میں انقلاب برپا کیا ہے‘ انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ تحقیق اور ترقی پر خصوصی توجہ دیں‘ اس موقع پر طلباء میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے ۔