امریکا جانے سے قبل سبیکا شیخ کے ویڈیو پیغام نے سب کو آبدیدہ کر دیا

"یس" پروگرام میں سلیکشن کے بعد میں نے اللہ کا بہت شکر ادا کیا اور خوشی سے اپنے کمرے میں چھلانگیں لگائیں،سبیکا شیخ کے ویڈیو میں جذبات

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان اتوار 20 مئی 2018 12:44

امریکا جانے سے قبل سبیکا شیخ کے  ویڈیو پیغام نے سب کو آبدیدہ کر دیا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20 مئی 2018ء) امریکی ریاست ٹیکساس میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی پاکستانی طالب علم سبیکا شیخ کے اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں۔بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے والی ذہین طالبہ سبیکا شیخ کی موت کا غم پورے پاکستان کو ہے۔تاہم اب سبیکا شیخ کی امریکا جانے سے قبل ’یس‘ پروگرام میں سلیکشن کے بعد کی ویڈیو سامنے آئی ہے۔جس میں وہ اپنے جذبات کا اظہار کر رہی ہیں۔

سبیکا کے اس ویڈیو پیغام نے سب کو آبدیدہ کر دیا ہے۔سبیکا شیخ کا ویڈیو پیغام میں کہنا ہے کہ ’یس پروگرام‘ میں سلیکشن کا فائنل لیٹر موصول کیا تو ان کی خوشی کی انتہا نہ رہی۔سبیکا شیخ کا کہنا تھا کہ میں پڑھائی میں مصروف تھی جب میرے والد نے مجھے اپنے کمرے میں بلایا۔تو میں بہت حیران ہوئی کہ وہ مجھے اپنے کمرے میں کیوں بلا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

جب میرے والدین نے مجھے ’یس‘ پروگرام میں سلیکشن کے لیٹر کے بارے میں بتایا تو مجھےیقین نہیں آیا۔

جس کے بعد میرے والد نے مجھے اپنی میل چیک کرنے کو کہا۔میں نے اللہ کا بہت شکر ادا کیا اور خوشی سے اپنے کمرے میں خوشی سے چھلانگیں لگائیں۔اور یہ میری زندگی کا سب سے خوبصورت لمحہ تھا،سبیکا شیخ ویڈیو میں بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے کے لیے بہت پرجوش نظر آ رہی تھیں۔ان کا کہنا تھا مجھے اگست کا بے چینی سے انتظار ہے میں امریکا پڑھنے جانے کے لئے بہت زیادہ پرجوش ہوں۔

سبیکا شیخ کا کہنا تھا کہ میں نے اگلے سن اسکول جا کر اپنی ساتھی دوستوں کو بھی بتایا کہ میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے امریکہ جا رہی ہوں۔سبیکا شیخ کا یہ ویڈیو پیغام سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو گیا ہے اور سب نے ذہین طالبہ کی اچانک موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔یاد رہے کہ امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر سانتافی کے ہائی اسکول میںفائرنگ کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ۔

امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فائرنگ سے ایک پولیس افسر بھی زخمی جبکہ حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔۔۔حملہ آور ممکنہ طور پر اسکول کا طالب علم ہے جس نے کلاس میں گھس کر شاٹ گن سے فائرنگ کردی۔ سنتافی کے شیرف ایڈ گنزالیز کے مطابق حملہ آور کے علاوہ ایک اور شخص کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مرنے والوں میں زیادہ تر طالب علم ہیں۔پاکستانی طالب علم سبیکا شیخ بھی اسی فائرنگ کی زد میں آ گئی۔سبیکا شیخ کا ویڈیو پیغام آپ بھی ملاحظہ کیجئے: