بھارتی وزیر اعظم کا دورہ کشمیر مظالم پر پردہ ڈالنے اور عالمی رائے عامہ کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے‘یاسین ملک

جموں وکشمیر کو جنگ کے میدان میں تبدیل کردیا گیا ہے جہاں روزانہ معصوم بچوں کا قتل عام کیا جارہا ہے

اتوار 20 مئی 2018 12:40

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ ایک طرف کشمیریوں کو قتل اور زخمی کرنے، بینائی سے محروم کرنے اور سیاسی سرگرمیوں پر پابندی عائد کرکے جیلوں میں ڈالنے کا عمل جاری ہے اور دوسری طرف ان مظالم پرپردہ ڈالنے اور عالمی رائے عامہ کو گمراہ کرنے کیلئے بھارتی وزیراعظم کے دورئہ کشمیر کا اہتمام کیا جارہا ہے۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق محمد یاسین ملک نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ جموں وکشمیر کو جنگ کے میدان میں تبدیل کردیا گیا ہے جہاں روزانہ معصوم بچوں کا قتل عام کیا جارہا ہے۔انہوںنے کہا کہ فوجی طاقت کا استعمال کرکے وادی کشمیر میںقبرستان کی خاموشی بپا کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

یاسین ملک نے مثالی ہڑتال اور احتجاج پر کشمیریوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہاکہ مشترکہ مزاحمتی قیادت کے پرامن احتجاج کو روکنے کیلئے بھارتی فورسز اورپولیس کے اقدامات ان لوگوں کے لئے چشم کشا ہیں جو کشمیرمیں جاری جدوجہد آزادی کو عوامی تحریک نہیں مانتے۔

بھاتی فورسز نے گزشتہ روز لالچوک کی طرف مارچ کرنے پرجموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے متعدد رہنمائوں اور کارکنوں کو گرفتار کرلیا جن میںمحمد صدیق شاہ، شیخ عبدالرشید، بشیر احمد کشمیری ،غلام محمد ڈار ، شیخ محمد اسلم، محمد حنیف ڈار، امتیاز احمد ڈار، فیاض احمد لون، امتیاز احمد گنائی،بشارت احمد بٹ اور دیگر شامل ہیں۔ محمد یاسین ملک نے پارٹی رہنما شہید اشفاق مجید وانی کو شاند ار خراج عقیدت پیش کیا ہے جو 1990ء میں 3رمضان المبارک کو بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہوئے تھے۔