القنفذہ کی سڑک پر واک کرنے والی خواتین سے گاڑی کی ٹکر، ایک خاتون جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہو گئیں

اتوار 20 مئی 2018 09:20

ریاض ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2018ء) سعودی عرب کے علاقے القنفذہ میں اندھیری سڑک پر واک کرنے والی خواتین کو گاڑی نے روند ڈالا،واقعے میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہو گئیں۔مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق القنفذہ کمشنری کے مشرقی علاقے مرکز سبت الجارہ کی ایک تنگ و تاریک سڑک پر خواتین معمول کی واک کر رہی تھیں کہ اچانک ایک گاڑی ان سے ٹکرا گئی۔

(جاری ہے)

ڈرائیور کا کہنا تھا کہ اندھیرے کی وجہ سے وہ خواتین کو دیکھ نہیں سکا اگرچہ گاڑی کی رفتار بھی انتہائی کم تھی۔ ڈرائیور نے کہا کہ اچانک اسے ایسا محسوس ہوا کہ گاڑی سے نامعلوم اجسام ٹکرائے ہیں جب اس نے گاڑی روکی تو یہ دیکھ کر حیران رہ گیا کہ اس کی گاڑی سے ٹکرانے والے اجسام خواتین تھیں جن کی تعداد 6 تھی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی شہری دفاع کے یونٹس جائے حادثہ پر پہنچ گئے جنہوں نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ جاں بحق ہونے والی خاتون کی نعش سرد خانے میں رکھوا دی گئی۔