عام مارکیٹوں اور بازاروں میںبھی اشیائے خورد نوش کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے کیلئے موثر اقدامات کئے گئے‘ صوبائی وزیر راجہ اشفاق سرور

اتوار 20 مئی 2018 01:10

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2018ء) صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت پنجاب راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو مقرر کردہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ ، پھلوں اور سبزیوں کی فراہمی ہر صورت یقینی بنانا حکومت کی اولیں ترجیحات میں شامل ہے ۔انہوں نے کہا کہ سستے رمضان بازاروں کے ساتھ عام مارکیٹوں اور بازاروں میںبھی اشیائے خورد نوش کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے کیلئے موثر اقدامات کئے گئے ہیں۔

تاکہ عوام اس مقدس ماہ رمضان میں ان سستے رمضان بازاروں سے مستفید ہو سکیں۔انہوں نے یہ بات نوازشریف پارک مری روڈ پر لگائے گئے سستے رمضان بازار کے دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ رکن صوبائی اسمبلی راجہ حنیف ایڈووکیٹ ایم پی اے ، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی طلعت محمود گوندل ،چیئرمین عابد حسین عباسی اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

راجہ اشفاق سرور نے اس موقع پر تما م سٹالز کا دورہ کیااور پھلوں ، سبزیوں اور دیگر اشیائے ضروریہ کی ریٹ لسٹ اوراشیاء کی کوالٹی کو بھی چیک کیا۔

انہوں نے اس موقع پردکانداروں سے بھی فردا فردا گفتگو کی اور وہاں پر موجود خریدار ی کے لئے آئے ہوئے خواتین و حضرات سے بھی رمضان بازار کے متعلق دریافت کیاجس پر خواتین و حضرات نے بازار میں فراہم کی گئی سہولیات کے بارے میں اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ اس مقدس ماہ میں حکومت پنجاب کی طرف عوام کی سہولت کے لئے سستے رمضان بازاروں کا انعقاد ایک احسن اقدام ہے۔

راجہ اشفاق سرور نے اس موقع پر ہدایت کی کہ انتظامیہ اور متعلقہ محکمے حکومت کی طرف سے قائم کردہ ان سستے رمضان بازاروں کے علاوہ عام مارکیٹوں میں بھی اشیائے ضروریہ کی وافر مقدار میں سپلائی اور ان کی مقررہ نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ کہ عوام کو ریلیف مل سکے ۔راجہ حنیف ایڈووکیٹ ایم پی اے نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی اہم ترجیحات ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں، کوالٹی اور وافر سپلائی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے او رکسی بھی شخص کو ناجائز منافع خوری کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ منافع کے نام پرعوام کولوٹنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیںہیں۔ڈپٹی کمشنر راولپنڈی طلعت محمود گوندل نے کہا کہ تما م سستے رمضان بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی تسلسل کیساتھ وافر مقدار میں فراہمی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ عوام حکومت کی جانب سے دیئے جانے والے ریلیف سے مکمل طور پر مستفید ہو سکیں۔

انہوں نے کہاکہ ان سستے رمضان بازاروں میں اشیائے خوردونوش کے نرخوں اور ان کی کوالٹی کو چیک کرنے کے لئے پرائس کنٹرول کمیٹیاں قائم ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ کر کے رپورٹ پیش کرتی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کوروزانہ جرمانے بھی کئے جا رہے ہیں۔