Live Updates

ماہ رمضان میں بنیادی اشیائے خوردونوش کی قیمتیں بڑھنے کے ذمہ دار سندھ فوڈ منسٹر اور کمشنر کراچی ہیں،خرم شیر زمان

عوام کو فوری ریلیف پہنچانے کیلئے صوبائی وزیر اعلیٰ اور میئر کراچی کو ناجائز منافع خوری کا نوٹس لینا چاہیے ، ایم پی اے

ہفتہ 19 مئی 2018 22:41

ماہ رمضان میں بنیادی اشیائے خوردونوش کی قیمتیں بڑھنے کے ذمہ دار سندھ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے جنرل سیکرٹری و سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان نے سندھ فوڈ منسٹر اور کراچی کمشنر کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے ماہِ رمضان میں بنیادی اشیائے خوردونوش کی قیمتیں بڑھنے کی سخت مذمت کی ہے، مئی کے آغاز میں ہی ایم پی اے خرم شیر زمان نے فوڈ منسٹر اور کراچی کمشنر کو تنبیہ کی گئی تھی کہ وہ ماہِ رمضان میں اس امر کا خاص خیال رکھیں، اس کے علاوہ انہوں نے ہول سیلرز اور رٹیلرز سے بھی اپیل کی تھی کہ وہ بنیادی ضروریاتِ زندگی کی اشیاء پر لوگوں کو ماہ رمضان میں خصوصی رعایت دیں تاکہ سب لوگ اس مقدس مہینے میں پرسکون ہو کر عبادت کرسکیں۔

ہفتے کو پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہاؤس‘‘ کراچی سے جاری کردہ اپنے خصوصی بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ ماہِ رمضان اب شروع ہوچکا ہے اور کراچی کے لوگ بنیادی ضروریاتِ زندگی جیسے پھل اور سبزیاں مناسب قیمتوں پر حاصل کرنے میں دشواری کا سامنا کر رہے ہیں کیونکہ فروخت کار ضروری پرائس لسٹ کی پابندی نہیں کرتے اور مقررہ نرخوں سے تقریباً چالیس سے پچاس فیصد مہنگے داموں پر اشیائے ضرورت فروخت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مطالبہ کیا کہ صوبائی وزیر اعلیٰ اور میئر کراچی کو ذاتی طور پر اس ناجائز منافع خوری کا نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کرنی چاہئے تاکہ بنیادی ضروریاتِ زندگی کی اشیاء کی قیمتیں کم ہوں، ہم اس وقت رمضان کے آغاز میں ہیں اور اس معاملے کو درست کرنے کا ابھی موقع ہے جس سے صارفین کو ریلیف ملے گا۔موجودہ سندھ گورنمنٹ کی حکمرانی کی مدت میں اب کچھ ہی ہفتے بچے ہیں۔ ایم پی اے خرم شیر زمان نے اپیل کی کہ دفتر چھوڑنے سے قبل حکومت کو یہ ایک اچھا کام ضرور کرنا چاہئے۔ بصورتِ دیگر نگراں حکومت سے ہمیں امید ہے کہ اس سنجیدہ معاملے پر ضرور توجہ دی جائے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات