’’صوبے کے لئے محنت اور اچھا کام کرنیوالوںکو سلیوٹ کرتا ہو ں‘‘

شہباز شریف 1180 میگاواٹ کے بھکی پاور پلانٹ کے مکمل فعال ہونے پر انتہائی خوش دکھائی دیئے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا اور وہا ںموجود عملے سے ہاتھ ملایا اور انہیں شاباش دی وزیراعلیٰ پنجاب نے احد چیمہ کی کارکردگی کو سراہاجس پر پنڈال میں موجود لوگو ںنے پرجوش انداز میں تالیاں بجائیں

ہفتہ 19 مئی 2018 21:36

’’صوبے کے لئے محنت اور اچھا کام کرنیوالوںکو سلیوٹ کرتا ہو ں‘‘
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 مئی2018ء) وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے 1180میگا واٹ کے بھکی گیس پاور پلانٹ کو مکمل طو رپر فعال کرنے کے افتتاح کے بعد پلانٹ کے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا اور وہا ںموجود عملے سے ہاتھ ملایا اور انہیں شاباش دی،محمدشہبازشریف تقریب کے دوران انتہائی خوش دکھائی دئیے اور ا نہوںنے سابق وزیراعظم محمد نوازشریف ،موجودہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ، وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری، پنجاب حکومت کے متعلقہ وزراء، چیف سیکرٹری ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی اور دیگر حکام کو مبارکبا ددی -محمد شہبازشریف نے سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر قائد اعظم تھرمل پاور لمیٹڈ احد چیمہ کی کارکردگی کو بھی سراہاجس پر پنڈال میں موجود لوگو ںنے پرجوش انداز میں تالیاں بجائی-انہوںنے کہاکہ جنہوں نے صوبے کے لئے محنت کی ہے اور اچھا کام کیا ہے میں انہیں سلیوٹ کرتا ہو ں -وزیراعلی نے بھکی پاور پلانٹ کے منصوبے پر کام کرنے والے ایک باریش انجینئر کو سٹیج پر بلایا اور انہیں شاباش دی ،ان کے لئے تالیاں بجوائیں اورکہاکہ یہ وہ لوگ ہیں جنہوںنے دن رات کام کر کے ملک و قوم کی تقدیر بدلی ہے اور مجھے ان کی محنت پر فخر ہے -وزیراعلی نے اپنی تقریر کے دوران کہا کہ توانائی منصوبوں کی تکمیل کسی ایک کے بس کی بات نہیں یہ پوری ٹیم کی محنت کا نتیجہ ہے -اس موقع پر انہوں نے یہ شعر پڑھا: فرد قائم ربط ملت سے ہے ، تنہا کچھ نہیں …موج ہے دریا میں اور بیرون دریا کچھ نہیں،وزیر اعلی نے اپنی تقریر کا اختتام اپنے ان پسندیدہ اشعار پر کیا!جب اپنا قافلہ عزم و یقین سے نکلے گا،جہاں سے چاہیں گے رستہ وہیں سے نکلے گا،وطن کی مٹی مجھے ایڑیاں رگڑنے دے،مجھے یقین ہے چشمہ یہیں سے نکلے گا۔