Live Updates

مسلم لیگ (ن) نے 5 برس میں غیر معمولی کام کیا ،ہمارے 5 برس شفافیت، دیانتو امانت سے عبارت ہیں،شہبازشریف

اس دور میں جتنے منصوبے مکمل کئے گئے ہیں اپنی مثال آپ ہیں، احتساب سب کا بلاامتیاز ہونا چاہیے ،مخصوص احتساب سے پاکستان آگے نہیں بڑھے گا،عمران خان نے بے بنیاد الزامات لگائے ، ہم نے منصوبوں میں اربوں روپے بچائے ہیں صدرمسلم لیگ (ن) اور وزیراعلیٰ شہبازشریف کا ڈویژنل و ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹیوں کے اراکین سے خطاب

ہفتہ 19 مئی 2018 21:29

مسلم لیگ (ن) نے 5 برس میں غیر معمولی کام کیا ،ہمارے 5 برس شفافیت، دیانتو ..
شیخوپورہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا کہ عام انتخابات کی آمد آمد ہے۔آپ سب نے گزشتہ الیکشن کی طرح اس بار بھی محنت، جذبے اور لگن سے کام کرنا ہے کیونکہ سیاست کو عبادت کا درجہ دے کر ہی دین اور دنیا دونوں کمائے جاسکتے ہیں،پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے 5 برس کے دوران پاکستان کی تاریخ میں غیر معمولی کام کیا ہے اورہمارے 5 برس پاکستان کے تمام سابقہ ادوار کے مقابلے میں شفافیت، دیانت، امانت اور رفتار سے عبارت ہیں،پاکستان کو 5 برس کے دوران آگے لے کر گئے ہیں اورمحمد نوازشریف کی قیادت میں بے مثال نتائج حاصل کئے گئے ہیں اورتاریخ ہمارے دور کے سنہری کارناموں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

اس دور میں جتنے منصوبے مکمل کئے گئے ہیں وہ اپنی مثال آپ ہیں۔

(جاری ہے)

شہباز شریف نے کہا کہ شفافیت کے حوالے سے بھی یہ دور پاکستان کی تاریخ کا سب سے بہترین دور ہے۔ وہ ہفتے کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ڈویژنل و ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹیوں کے اراکین سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہو ں نے کہا کہ آج تک پاکستان میں اتنی سپیڈ اور شفافیت کیساتھ بجلی کے منصوبے نہیں لگے اور میں نے اپنے سیاسی کیریئر کے دوران اس رفتار اور شفافیت کیساتھ منصوبوںکو مکمل ہوتے نہیں دیکھا۔

نامساعد حالات کے باوجود ترقی کے سفر کو آگے بڑھایا ہے۔ سیاسی مخالفین خصوصاً تحریک انصاف نے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں رکاوٹیں کھڑی کیں اورتحریک انصاف کے باعث اورنج لائن میٹرو ٹرین کا منصوبہ 22 ماہ لٹکارہا۔شہباز شریف نے کہا کہ احتساب سب کا بلاامتیاز ہونا چاہیئے کیونکہ مخصوص احتساب سے پاکستان آگے نہیں بڑھے گا،جن لوگوں اور افسروں نے اچھا کام کیا ہے انہیں شاباش ملنی چاہیئے،اچھا کام کرنے والوں کی تعریف نہیں ہوگی تو بددلی پھیلے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ عمران خان نے صرف بے بنیاد الزامات لگائے اور جھوٹ کی سیاست کی اور ہم نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے میں قوم کے 75 ارب روپے بچائے ہیں۔سیاسی مخالفین نے قوم کا وقت ضائع کیا ہے جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے عوام کی خدمت کیلئے اپنا خون پسینہ بہایا ہے، پاکستان کی بہتری کا سوچ کر تڑپ اور عزم کیساتھ کام کیا ہے اورلوڈشیڈنگ اور دہشت گردی سے نمٹا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ محمد نوازشریف کی قیادت میں کئے گئے فیصلوں کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں،پاک فوج کی عظیم قربانیوں کے باعث دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بھی بے مثال کامیابی ملی ہے۔ ہمیں اب متحد رہ کر پاکستان کو بنانا ہے کیونکہ محاذ آرائی کسی بھی طرح ملک و قوم کے مفاد میں نہیں۔انشاء اللہ عام انتخابات میں سر اٹھا کر عوام کے پاس جائیں گے۔اراکین اسمبلی نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کی محنت ایک مثال بن چکی ہے۔

2013 کا الیکشن بھی شہباز شریف کی کارکردگی پر جیتا، انشاء اللہ 2018 کا الیکشن بھی جیتیں گے۔ اراکین اسمبلی نے کہا کہ شہباز شریف کے ترقیاتی کام خود بولتے ہیں۔شہباز شریف نے پنجاب کے ہسپتالوں کو جدید طبی سہولتوں سے آراستہ کیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ شہباز شریف کی کارکردگی کی مثال ہر جگہ دی جاتی ہے۔ اراکین اسمبلی نے کہا کہ انشاء اللہ صدر مسلم لیگ (ن) محمد شہباز شریف کی توقعات پر پورا اتریں گے۔وفاقی و صوبائی وزراء، اراکین پارلیمنٹ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات