جعلی منصوبوں کے افتتاح پر شہباز شریف کا نام گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں آنا بنتا ہے‘محمود الرشید

پنجاب میں پاور پلانٹ کا کوئی ایک بھی ایسا منصوبہ نہیں جو مکمل فعال ہو ،سستی بجلی فراہم کرتا ہو‘قائد حزب اختلاف

ہفتہ 19 مئی 2018 20:39

جعلی منصوبوں کے افتتاح پر شہباز شریف کا نام گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2018ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید نے کہا ہے کہ جعلی منصوبوں کے افتتاح، شعبدہ باز یوں میں شہباز شریف کا کوئی ثانی نہیں، بھکی پاور پلانٹ بھی ایک دھوکہ ثابت ہوگا، جعلی منصوبوں کے افتتاح پر شہباز شریف کا نام گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں آنا بنتا ہے۔پنجاب پبلک سیکرٹریٹ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے کہا کہ چیلنج کرتا ہوں پنجاب میں ٰ پاور پلانٹ کا کوئی ایک بھی ایسا منصوبہ نہیں جو مکمل فعال ہو اور سستی بجلی فراہم کرتا ہو، بجلی اور لوڈشیڈنگ پر حکومت نے زبانی جمع خرچ سے کام لیا، شہباز شریف نے انرجی شعبے کو بری طرح نظر انداز کرتے اربوں روپے سڑکوں، پلوں پر لگا دیئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے پنجاب میں جو منصوبہ لگایا وہ ناکام رہا، انہوں نے حکومتی کارکردگی کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ کہ انسان حکومت کی ترجیحات میں کبھی شامل نہیں رہا، یہی وجہ ہے کہ تعلیم صحت اور صاف پانی سمیت عوام کو کوئی بنیادی حقوق میسر نہیں۔ ایک تو مفاد عامہ کے منصوبہ جات کیلئے بجٹ کم مختص کیا گیا الٹا جو تھا وہ بھی اللے تللے منصوبوں پر لگا دیئے، انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے میگاپراجیکٹس کے لئے دیگر اضلاع کے صاف پانی، کلاس رومز،انڈسٹری اور ٹرانسپورٹ کے کے منصوبوں کے 30 ارب روپے لاہور منتقل کئے اور انہیں اورنج ٹرین اور سڑکوں پر خرچ کیا۔