پارکس اور کھیل کے میدان شہریوں کی امانت ہیں ، کسی قسم کی تجاوزات برداشت نہیں کی جائینگی، وسیم اختر

نوجوانوں کو مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا آج کی اہم ضرورت ہے تاکہ ان کی توانائی اور صلاحیتوں کو بہتر سمت میں استعمال کیا جاسکے جس سے ایک صحت مند معاشرے کے قیام میں مدد ملے گی، میئر کراچی

ہفتہ 19 مئی 2018 20:36

پارکس اور کھیل کے میدان شہریوں کی امانت ہیں ، کسی قسم کی تجاوزات برداشت ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مئی2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ پارکس اور کھیل کے میدان شہریوں کی امانت ہیں یہاں کسی قسم کی تجاوزات برداشت نہیں کی جائیں گی، نوجوانوں کو مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا آج کی اہم ضرورت ہے تاکہ ان کی توانائی اور صلاحیتوں کو بہتر سمت میں استعمال کیا جاسکے جس سے ایک صحت مند معاشرے کے قیام میں مدد ملے گی، بلدیہ عظمیٰ کراچی شہریوں کو بنیادی بلدیاتی خدمات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ کھیل و تفریح کے ہرممکن بہتر مواقع بھی فراہم کررہی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلدیہ ٹائون ، نارتھ ناظم آباد اور اورنگی ٹائون کے مختلف علاقوں میں قائم کئے جانے والے پلے گرائونڈز اور پارکس کے تعمیر اتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے کیا، اس موقع پر چیئرمین مالیات کمیٹی ندیم ہدایت ہاشمی، پارکس اینڈ ہارٹیکلچر کمیٹی کے چیئرمین خرم فرحان، محکمہ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر کے افسران سمیت علاقہ مکین بھی بڑی تعداد میں موجود تھے، اس موقع پر میئر کراچی وسیم اختر سے بلدیہ ٹائون، نارتھ ناظم آباد اور اورنگی ٹائون کے مکینوں نے گزشتہ کئی ہفتوں سے پانی کی عدم فراہمی کی شکایات کیں اور فراہمی آب کے مسئلہ کو حل کرنے کی درخواست بھی کی، میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ مجھے اندازہ ہے کہ شہر کے لوگ پانی نہ ہونے کے باعث انتہائی تکلیف میں ہیںمگر بد قسمتی سے فراہمی آب کا نظام حکومت سندھ کے زیر انتظام کراچی واٹر اینڈسیوریج بورڈ کے پاس ہے تاہم اس حوالے سے ہم کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے اعلیٰ حکام سے رابطے میں ہیں اور شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں، میئر کراچی وسیم اختر نے بلدیہ ٹائون میں اکبر پلے گرائونڈ کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ غیر معیاری کام سے اجتناب کیا جائے اور تعمیراتی کام میں معیار کا پورا خیال رکھا جائے ، میئر کراچی نے کہا کہ یہ گرائونڈ ایک طویل عرصے سے خراب حالت میں تھا جس کے باعث یہاں کے نوجوانوں کو کھیل و تفریح کے مواقع میسر نہ تھے لہٰذا ہم نے اس گرائونڈ کی از سر نو تعمیر شروع کی جو جلد مکمل کرلی جائے گی، میئر کراچی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ طویل عرصے سے غیر آباد اس گرائونڈ میں کھیل کی سرگرمیاں معطل تھیں اور سیم و تھور کے باعث گرائونڈ کی حالت کافی تشویشناک تھی اس لئے یہاں آٹھ فٹ بھرائی کرکے فلڈ لائٹس لگائی گئی ہیں، بعدازاں میئر کراچی وسیم اختر نے اورنگی ٹائون اور نارتھ ناظم آباد بلاک L- میں بننے والے پارکوں کا دورہ کیا اور اورنگی ٹائون میں تعمیر کئے جانے والے ماڈل پارک بلوچ کورٹ سیکٹر 13-J کو فوری طور پر مکمل کرنے کی ہدایت اور پارک کے اندر سے گزرنے والی پانی کی پائپ لائن کو درست کرنے کے احکامات صادر کئے، انہوں نے کہا کہ دیر پا اور معیاری کام کو ترجیح دیں، کام میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برادشت نہیں کی جائے گی،میئر کراچی وسیم اختر نے بلاک L نارتھ ناظم آباد میں تین ایکڑ رقبے پر نو تعمیر شدہ پارک کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کے علاقہ مکین عرصہ دراز سے تفریحی سہولیات سے محروم تھے لہٰذا یہاں تفریحی سرگرمیوں کی فراہمی کے لئے تین ایکڑ رقبے پر جدید تقاضوں سے ہم آہنگ خوبصورت پارک تعمیر کیا گیا ہے جس میں بچوں کے جھولوں کے ساتھ ساتھ واکنگ ٹریک بھی تعمیر کیا گیا ہے میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ پارکس اور کھیل کے میدان آباد ہونگے تو شہر میں مثبت سرگرمیاں پروان چڑھیں گی میئر کراچی وسیم اختر نے اس موقع پر محکمہ پارکس کے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شہر کے اجڑے ہوئے پارکوں کی بحالی کاکام تیز کیا جائے۔

#