کنٹرول لائن پربھارتی فائرنگ وطن عزیزپاکستان کیخلاف کھلا اعلان جنگ ہے،حافظ سعید

مودی سرکار کو مضبوط پیغام نہ دیا گیا تو وہ آئے دن کی جارحیت سے باز نہیں آئے گا مودی کے دورہ کشمیر پر ہڑتال سے ثابت ہو گیا کشمیری قوم کسی صورت بھارت سرکار کا غاصبانہ قبضہ قبول کرنے کیلئے تیار نہیں ہے،بیان

ہفتہ 19 مئی 2018 20:35

کنٹرول لائن پربھارتی فائرنگ  وطن عزیزپاکستان کیخلاف کھلا اعلان جنگ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مئی2018ء) امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعیدنے کنٹرول لائن پربھارتی فائرنگ کے نتیجہ میں معصوم بچوں سمیت عام شہریوں کی شہادت پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے وطن عزیزپاکستان کیخلاف کھلا اعلان جنگ قرار دیا اور کہا ہے کہ مودی سرکار کو مضبوط پیغام نہ دیا گیا تو وہ آئے دن کی جارحیت سے باز نہیں آئے گا۔

سرحدوں پر جارحیت کے حوالہ سے انڈیا کوبیرونی قوتوں کی شہ حاصل ہے۔ وطن عزیز پاکستان کے دفاع کیلئے پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ ہے۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ کشمیر پر تاریخی ہڑتال سے ثابت ہو گیا کہ کشمیری قوم کسی صورت بھارت سرکار کا غاصبانہ قبضہ قبول کرنے کیلئے تیار نہیں ہے۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ مودی سرکار نے پہلے دنیا کو دھوکہ دینے کیلئے رمضان المبارک کے ایام میں کشمیر میں جنگ بندی کا اعلان کیا اور اب منظم منصوبہ بندی کے تحت کنٹرول لائن پر فائرنگ کر کے عام شہریوں کو شہید کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

بھارت نے کشمیر میں جنگ بندی کا ڈرامہ کر کے بین الاقوامی دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کی۔ مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں کی شہادتوں ، نام نہاد سرچ آپریشن اور ان کی املاک کو نشانہ بنانے کے واقعات اسی طرح جاری ہیں۔ کشمیر کی ساری قیادت بھی بی جے پی کے جنگ بندی ڈرامہ کو مسترد کر چکی ہے۔حافظ محمد سعید نے کہاکہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے مقبوضہ کشمیرکے دورہ کے دوران کشن گنگا ڈیم کا افتتاح کیا۔

غاصب بھارت پاکستان کے پانیوں پر زبردستی قبضہ کر کے ہمارے آبی وسائل کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہا ہے۔انڈیا بغیر جنگ لڑے پاکستان کو فتح کرنے کے خواب دیکھ رہا ہے لیکن پاکستانی حکمران انڈیا سے دوستیاں نبھانے کیلئے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ پاکستان کی طرف آنے والے دریائوں پر سے بھارتی قبضہ چھڑانے کیلئے عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔

انہوںنے کہاکہ کنٹرول لائن پر آئے دن فائرنگ کرنے والی بھارت سرکار کو کسی غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیے۔ پاکستانی قوم میں آج بھی 65ء والے جذبے زندہ ہیں اور 18کروڑ پاکستانی عوام اپنے ملک کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ حکومت پاکستان کو بھارتی دہشت گردی کا مسئلہ بین الاقوامی سطح پر بھرپور انداز میں اٹھانا چاہیے اور دہشت گرد بھارتی فوج کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینا چاہیے۔