عوام کی بھرپور خدمت اور علاقائی ترقی ہماری سیاست کا محور ہے،تعلیم وصحت،مواصلات اوردیگر شعبوں میں عوام کو دور جدیدکی خاطر خواہ سہولیات حاصل ہوئی ہیں،صوبائی وزیر رانا ثناء اللہ خاں

ہفتہ 19 مئی 2018 20:15

عوام کی بھرپور خدمت اور علاقائی ترقی ہماری سیاست کا محور ہے،تعلیم وصحت،مواصلات ..
فیصل آباد۔19 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2018ء) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ عوام کی بھرپور خدمت اور علاقائی ترقی ہماری سیاست کا محور ہے ۔اس سلسلے میں خلوص نیت سے محنت کرکے ترقیاتی اہداف حاصل کئے گئے ہیں جن کی بدولت تعلیم وصحت،مواصلات اوردیگر شعبوں میں عوام کو دور جدیدکی خاطر خواہ سہولیات حاصل ہوئی ہیں۔

انہوںنے یہ بات چک نمبر79ج ب میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ایم پی اے میاں اجمل آصف،نوید جٹ،عارف گجر،اقبال جٹ،حاجی محمدحسین ودیگر کارکن اورعمائدین علاقہ بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ سیاسی مخالفین نے ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوششیں کیں لیکن ہم نے ان کی پرواہ کئے بغیر عوامی خدمت اور ترقی کامشن جاری رکھا اور مختصر وقت میں علاقائی ترقی کے علاوہ دیگر میگا پراجیکٹس مکمل کئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں کو شہری ترقی کے ہم پلہ لانے کے لئے وسیع ترقیاتی پروگرام پر عمل کیا جارہا ہے اور دیہی عوام کو پینے کے صاف پانی،پائیدار سڑکوں اور سماجی ترقی کے دیگر شعبوں میں وسیع سہولتیں فراہم کرنے کے علاوہ دیہی مراکز صحت اور سکولوں کی حالت بہتر بنائی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ دیہی عوام کو ان کی دہلیز پر علاج معالجہ کی سہولیات کی فراہمی کے لئے دیہی مراکز صحت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا گیا ہے اور دیہی علاقوں میں زچہ بچہ کو ایمرجنسی کی صورت میں تیز رفتار طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے ایمرجنسی سروس کااجراء بہت بڑا انقلابی قدم ہے کیونکہ یہ سہولت ٹال فری نمبرسے رابطہ کرکے فوری حاصل کی جاسکتی ہے ۔

صوبائی وزیرقانون نے کہا کہ سکولوں میں اضافی کلاس رومز،ٹائلٹس بلاک،پینے کے پانی اور چاردیواریوں کی تعمیر سمیت دیگر تعمیراتی وانتظامی سہولیات فراہم کرنے پر اربوں روپے کے فنڈز خرچ کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ترقی کا یہ پہہ رکنے نہیں دیں گے اور آئندہ الیکشن میں عوام کی بھرپورحمایت سے کامیاب ہو کر یہ سلسلے نئے عزم اور جذبے سے جاری رکھیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ عوام خدمت اور انتشار کی سیاست کرنے والوں میں فرق کو جانتے ہیں اور آئندہ الیکشن میں ان غیر سنجیدہ اور ترقی کے مخالف سیاستدانوں کو ووٹ نہیں دیں گے۔انہوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ الزام تراشیوںکی سیاست کرنے والوں کے جھانسے میں نہ آئیں اور اپنے ضمیر کے مطابق صحیح فیصلہ کریں۔تقریب سے ایم پی اے میاں اجمل آصف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے خطیر فنڈز خرچ کرکے دیہی علاقوں کی قسمت سنواردی ہے اور آئندہ بھی دیہاتوں کو شہروں کے برابر سہولیات فراہم کرنے کے وسیع پروگرام پر عمل کیا جائے گا ۔دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے موجودہ حکومت کی ترقیاتی پالیسیوں کو سراہا۔