گرمی اور لوڈ شیڈنگ ،کے الیکٹرک نے عوام کو دہرے عذاب میں مبتلا کردیا ہے ،حافظ نعیم الرحمن

بجلی کی بندش نے شہر میں پانی کے بحران کو بھی بڑھادیا ہے ،ْ پریشان حال عوام سڑکوں پر نکلنے اور احتجاج کرنے پر مجبور ہیں، امیر جماعت اسلامی کراچی

ہفتہ 19 مئی 2018 20:05

گرمی اور لوڈ شیڈنگ ،کے الیکٹرک نے عوام کو دہرے عذاب میں مبتلا کردیا ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2018ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ مسلسل شدید گرمی ہیٹ ویوز کے باوجود کے الیکٹرک نے لوڈ شیڈنگ میں کمی نہ کر کے عوام کو دہرے عذاب میں مبتلا کردیا ہے ۔ کے الیکٹرک نے ہٹ دھرمی اور بے حسی کی تمام حدیں توڑ دی ہیں ۔سپریم کورٹ کی جانب سے کراچی میں لوڈشیڈنگ پر ازخود نوٹس کے باوجود کے الیکٹرک نے اپنی کارکردگی اور پیداوارمیں بہتری کے لیے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کیے ہیں ۔

بن قاسم پاور پلانٹ کی خرابی کا بہانہ بنا کر شہر بھر میں بد ترین لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے اور مشتنیٰ علاقوں میں بھی بجلی بند کی جارہی ہے ۔ چوری اور سینہ زوری کا مظاہرہ کر کے یہ ثابت کیا جا رہا ہے کہ کے الیکٹرک سے کوئی پوچھنے اور روکنے والا نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ سخت گرمی میں کئی کئی گھنٹوں بجلی بند ہونے سے شہری بلبلا اُٹھے ہیں ۔

گھروں میں خواتین ،بچے اور بزرگ شدید ذہنی و جسمانی اذیت سے دوچار ہیں ۔ بجلی کی بندش سے شہر میں پانی کا بحران بھی شدت اختیار کر تا جا رہاہے ۔ صوبائی حکومت اور واٹر بورڈ کی نا اہلی اور ناقص کارکردگی کے باعث شہر میں پہلے ہی پانی کی قلت ہے اور ٹینکر مافیا سر گرم ہے جبکہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے پانی کا مسئلہ اور سنگین ہو گیا ہے ۔سخت گرمی میں شہریوں کو بجلی اور پانی جیسی بنیادی انسانی سہولت تک میسر نہیں ہے اور پریشان حال عوام سڑکوں پر نکلنے اور احتجاج کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

بجلی کی بندش اور پانی کی عدم فراہمی کے خلاف جگہ جگہ مظاہرے ہو رہے ہیں اور اگر حکومت ،کے الیکٹرک اور واٹر بورڈ کی انتظامیہ نے صورتحال کی بہتری کے لیے فوری طور پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عملی اور ٹھوس اقدامات نہ کیے تو شہر میں امن و امان کی صورتحال بھی خراب ہو سکتی ہے اور اگر ایسا ہوا تو اس کی تمام ترذمہ داری حکومت پر عائد ہو گی ۔