ڈپٹی کمشنر کا ڈی پی او کے ہمراہ بھارتی فوج کی جارحیت کا شکار بننے والے ورکنگ باؤنڈری کے متاثرہ دیہات کا دورہ

ہفتہ 19 مئی 2018 20:04

سیالکوٹ۔19 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2018ء) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرخ نویدنے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اسدسرفراز خان کے ہمراہ بھارتی فوج کی جارحیت کا شکار بننے والے ورکنگ باؤنڈری کے متاثرہ دیہات کا دورہ کیااور شہید ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی جانب سے امدادی رقوم کے چیکس تقسیم کئے ۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرخ نوید نے چاروہ سیکٹر میں ورکنگ باؤنڈری پر واقع گاؤں کھنورکے رہائشی نورحسین کے گھر کا دورہ کیا جس کی بیوی (کلثوم)، دوبیٹے (شمس ناز، علی حمزہ) اور بیٹی (مسکان)گذشتہ صبح سحری کے وقت بھارتی فوج کی جانب سے ان کے گھر میں پھینکے جانے والے مارٹر گولہ کی وجہ سے موقع پر بھی شہید ہوگئیں تھیں اظہار تعزیت کیا اور چاروں شہیدوں کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی جانب سے 5لاکھ روپے فی کس امدادی رقوم دیتے ہوئے کہاکہ آپ کے اہلخانہ سے ملک وقوم کیلئے جان دی یہ رقوم آپ کے پیاروں سے جدائی کا ہر گز معاوضہ نہیں ہوسکتی لیکن وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے اظہار ہمدردی ہے جس کا مطلب یہ احساس دلانا ہے کہ دکھ اور مصیبت کی گھڑی میں پوری قوم آپ کے ساتھ کھڑی ہے ۔

(جاری ہے)

قبل ازیں ڈی سی اور ڈی پی او نے موضع ہرناہ والی میں شہید ہونے والے 15سالہ مرزا احتشام کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور ان کو وزیر اعلیٰ کی جانب سے 5لاکھ روپے کا امدادی چیکس پیش کیا۔ دریں اثناں ڈی سی اور ڈی پی او کمبائنڈ ملٹری ہسپتال سیالکوٹ کینٹ میں ورکنگ باؤنڈری پر زخمی ہونے والے شہریوں کی عیادت کی شدید زخمیوں میں 75ہزار اور معمولی زخمیوںمیں25ہزار روپے فی کس امدادی رقوم کے چیکس تقسیم کئے اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل میثم عباس، اے سی سیالکوٹ شاہد عباس، اے سی پسرور عمر شیرازی بھی موجود تھے ۔