جمعیت علما پاکستان نیازی شعبہ خواتین کا فائزہ نقوی کی زیر صدارت اجلاس، کشمیر فلسطین میںریاستی مظالم کی مذمت[ فلسطینی مسلمانوں کے قتل کا ذمہ دار امریکہ ہے، فائزہ نقوی

ہفتہ 19 مئی 2018 19:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مئی2018ء) جمعیت علما پاکستان نیازی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر سیدہ فائزہ نقوی نے کشمیر اور فلسطین میںریاستی مظالم اور نہتے مسلمانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی کو قابل مذمت قراردیا ہے۔بھارت کی ورکنگ باونڈری پر فائرنگ سے شہریوں کی شہادت انسانی حقوق اور ملکی سلامتی کی خلاف ورزی ہے۔

اقوا م عالم کو بھارتی جارحیت کا نوٹس لینا ہوگا۔فلسطینیوں کے مسائل پر عرب ممالک کی خاموشی اور اسرائیل کے موقف کی حمایت افسوسناک ہے ۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ اقوام متحدہ مسلمانوں کے مسائل پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے جبکہ او آئی سی ابھی تک جاگ نہیں سکی۔ اور نہ ہی انہیں اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہے۔

(جاری ہے)

کم از کم ہم دنیا کے سامنے واویلا تو کر سکتے ہیں۔

جے یو پی پنجاب کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فلسطینی مسلمانوں کے قتل کا ذمہ دار امریکہ ہے، جس نے ناجائز اسرائیلی ریاست کو تحفظ فراہم کررکھا ہے اور اسے تسلیم کرتے ہوئے اپنا سفارتخانہ بھی بیت المقدس منتقل کرلیا ہے۔ کاش مسلمان متحدہوتے تو یہ صورت حال پیدا ہی نہ ہوتی مگرشام، یمن اور بحرین میں بیرونی مداخلت کے باعث ہم اپنی حیثیت کھورہے ہیں۔ انتشار نے امت کا شیرازہ بکھیر دیا ہے۔ جس کی وجہ سے فلسطین اور کشمیر پر کوئی بات کرنے کو تیار نظر نہیں آرہا۔ محض بیان بازی سے مسلمانوں کا تحفظ نہیں ہوگا۔ فلسطین کی آزادی کے لئے عملی جدوجہد کی ضرورت ہے۔ جس طرف 57۔مسلم ممالک کی ابھی توجہ نہیں گئی۔