کشمیریوں نے ، مودی کا مقبوضہ کشمیر کا دورہ مکمل ہڑتال اور شٹر ڈاون کر کے مسترد کر دیا ہے ،مشتاق منہاس

دنیا کو واضح پیغام دیا ہے کہ کشمیری بھارت سے آزادی چاہتے ہیں اور وہ کسی بھی صورت اس کے ساتھ نہیں رہنا چاہتے ریاست بھر میں مودی کی مقبوضہ کشمیر آمد کے خلاف زبردست مظاہرے کئے گئے جن میں گو مودی گو بیک اور بھارتی فوج گو بیک کے نعرے لگائے گئے،و زیر اطلاعات آزادکشمیر

ہفتہ 19 مئی 2018 18:50

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مئی2018ء) آزاد جموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات ،آئی ٹی و سیاحت راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کشمیری عوام نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا مقبوضہ کشمیر کا دورہ مکمل ہڑتال اور شٹر ڈاون کر کے مسترد کر دیا ہے جسنے دنیا کو یہ واضح پیغام دیا ہے کہ کشمیری بھارت سے آزادی چاہتے ہیں اور وہ کسی بھی صورت اس کے ساتھ نہیں رہنا چاہتے۔

ریاست بھر میں مودی کی مقبوضہ کشمیر آمد کے خلاف زبردست مظاہرے کئے گئے جن میں گو مودی گو بیک اور بھارتی فوج گو بیک کے نعرے لگائے گئے۔وزیر اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار ایک خصوصی انٹرویو میں کیا۔راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انتہائی سنگین ہو چکی ہے جہاں پر قتل و غارت گری، ظلم و جبر اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عروج پر ہیں لیکن اس کے باوجود بین الاقوامی مقتدر حلقوں ،عالمی برادری اور انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں کی جانب سے خاموش تماشائی بنے رہنا انتہائی افسوسناک ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی قابض افواج نام نہاد سکیورٹی و سرچ آپریشن کے نام پر معصوم و نہتے کشمیریوں کو دن دھاڑے شہید کر رہی ہے جس پر ہمیں سخت تشویش ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت سوچے سمجھے منصوبے کے تحت غلط بیانی کرتے ہوئے عالمی برادری کو یہ باور کروانے کی کوشش کر رہا ہے کہ وہ کشمیر میں دہشت گردوں کے خلاف ان آپریشنز کے تحت کارروائی کر رہا ہے حالانکہ حقیقت حال اس کے برعکس ہے اور بھارتی قابض افواج معصو م و غیر مسلح کشمیریوں کو اپنی دہشت گردی کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں سر عام قتل کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے اپنے کرتوتوں پر پردہ ڈالنے کے لئے مقبوضہ کشمیر میں انٹر نیٹ اور دیگر ذرائع ابلاغ کی سروسز کو بند کر رکھا ہے تاکہ مظلوم کشمیریوں کی آہ وبکاہ عالمی دنیا تک نہ پہنچ سکے۔ وزیر اطلاعات نے کہا ہے کہ مظلوم و محکوم کشمیریوں کی آواز کو دنیا کے ایوانوں تک پہنچانا ہم سب کی بنیادی ذمہ داری ہے کیونکہ وہ مجبور و محصور ہیں جبکہ ہم آزاد اور خود مختار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یوں تو تارکین وطن کمیونٹی کشمیریوں کو حق خودارادیت دئیے جانے کے سلسلے میں اپنا بھر پور کردار ادا کر رہی ہے تاہم مقبوضہ کشمیر کی موجودہ خوفناک صورتحال کا تقاضا ہے کہ تارکین وطن اپنے اندر اتحاد پیدا کرتے ہوئے مزید فعال طریقے سے اپنے مظلوم کشمیر بہن بھائیوں کی آواز کو دنیا تک پہنچانے اور انہیں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دئیے جانے کے لئے اپنے اثر ورسوخ کو بروئے کار لائیں۔ راٹھور*