بلوچستان کے علماء عوام اور قانون نافذ کرنے والے اہلکار عدم تحفظ کا شکار ہوچکے ہیں،مولانا عبدالغنی ضامرانی

سابق ضلعی نائب صدر مولانا حبیب اللہ مینگل کو دن دیہاڑ ے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ،رہنماء جمعیت اہلحدیث بلوچستان

ہفتہ 19 مئی 2018 18:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2018ء) مرکزی جمعیت اہلحدیث کے صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا عبدالغنی ضامرانی ،صوبائی نائب امیر مولانا عبدالرزاق خارانی ،مولانا عصمت اللہ سالم ،مولانا محمد زکریا ذاکر ،نجیب اللہ عابد ،حافظ ناصر الدین ضامرانی ،مفتی سمیع اللہ ،مولانا عبدالوہاب شیرانی حاجی عطاء اللہ کھوسہ و دیگر نے جمعیت علماء اسلام کے سابق ضلعی نائب صدر مولانا حبیب اللہ مینگل کو دن دیہاڑ ے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے مرکزی جمعیت اہلحدیث بلوچستان کے رہنماوں نے کہا کہ بلوچستان کے علماء عوام اور قانون نافذ کرنے والے اہلکار عدم تحفظ کا شکار ہوچکے ہیں صوبے میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال بے گناہ افراد کا قتل اور آئے روز بم دھماکے روز کے معمول بن چکے ہیں یہ انتہائی سنگین نوعیت کا مسئلہ ہے کسی بھی انسان کی جان مال و ناموس کی حفاظت کی ذمہ داری حکومت اور ریاست پرعائد ہوتی ہے ،رہنمائوں نے کہا کہ مولانا حبیب اللہ مینگل انتہائی نیک باعمل ممتاز عالم دین تھے انہوں نے ہمیشہ بلوچستان میں امن و امان محبت بھائی چارے کی فضاء کو قائم رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے مذہبی شخصیات کے قتل کا مقصد صوبے میں انارکی پھیلانا ہے حکومت فل فور مولانا حبیب اللہ مینگل کے قاتلوں کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دیں۔