چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور سے اندرون سندھ کے بلدیاتی نمائندگان کے وفد کی ملاقات

ہفتہ 19 مئی 2018 19:44

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2018ء) چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور، وائس چیئرمین عبدالرؤف خان اور میونسپل کمشنر اختر علی شیخ سے اندرون سندھ کے بلدیاتی نمائندگان کے وفد نے ملاقات کی، وفدمیں جامشورو سمیت دیگر سندھ کے اضلاع سے لوگ شامل تھے۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ملاقات کے دوران رسمی گرمجوشیی کے ساتھ مہمان گرامی کا استقبال کیا گیا اور انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کئے گئے۔

اس موقع پر جامشورو سے تعلق رکھنے والے بلدیاتی وائس چیئرمین محمد اکرم لاکھو نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہم مطالعاتی دورے پر سندھ کے دیگر اضلاع میں جا کر بلدیاتی نظام کا معائنہ کر رہے ہیں۔ چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے سندھ کے بلدیاتی نمائندگان کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ جس طرح کی بلدیاتی مشکلات کا آپ شکار ہیں اسی طرح کی مشکلات کا ہم بھی شکار ہیں ، ہماری کوشش ہوتی ہے کہ جو بھی فنڈز دستیاب ہیں اسے حکمت عملی کے تحت استعمال کیا جائے۔

(جاری ہے)

پہلے ترجیح تنخواہوں، پیٹرول و ڈیزل کی ادائیگی ہوتی ہے اس کے بعد ترقیاتی کاموں کیلئے فنڈز استعمال میں لائے جاتے ہیں ، حکومت سندھ کی فنڈنگ کے بجائے ہماری کوشش ہوتی ہے کہ اپنے ذرائع آمدنی کو بہتر بنایا جائے۔ وائس چیئرمین بلدیہ شرقی عبدالرؤف خان اور میونسپل کمشنر اختر علی شیخ نے بھی بلدیاتی نظام کے حوالے سے سندھ کے بلدیاتی نمائندگان کو بریفنگ دی۔ اس موقع پر ایس ای ایسٹ طارق مغلد سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔