کرپٹ مافیا بڑا طاقتور ہے ،کرپشن کے ناسور کا سر کچلے بغیر ملک و ملت ترقی نہیں کر سکتا‘لیاقت بلوچ

ہفتہ 19 مئی 2018 16:47

کرپٹ مافیا بڑا طاقتور ہے ،کرپشن کے ناسور کا سر کچلے بغیر ملک و ملت ترقی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2018ء) جماعت اسلامی پاکستان اور متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ کرپٹ مافیا بڑا طاقتور ہے لیکن اب پوری قوم کا مطالبہ ہے کہ کرپشن ناسور ہے اس کا سر کچلے بغیر ملک و ملت ترقی نہیں کر سکتا ،ریاستی ادارے آئین ، جمہوری عمل اور انتخابات کے بروقت انعقاد کو چھیڑے بغیر سب کے احتساب کا عمل جاری رکھیں ، متحدہ مجلس عمل پاکستان کو بحرانوں اور کرپشن کی دلدل سے نجات دلائے گی ۔

ہم سود ، قرضوں اور بدعنوانیوں کی بیساکھیاں توڑدیں گے ۔ انہوںنے لاہور میں عوامی افطار پروگرام اور مسلم ٹائون میں نماز تراویح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اسلام عالمگیر نظا م اور انسانوں کے لیے مکمل ضابطہ حیات ہے ۔

(جاری ہے)

قرآن کتاب انقلاب اور ریاستی نظام کو انصاف کے ساتھ چلانے کے لیے مضبوط بنیاد ہے ۔ عالم اسلام قرآن و سنت کے احکامات سے انحراف کر کے ذلیل و خوار ہے ۔

پوری امت قرآن وسنت کی بنیادپر متحد ہو جائے تو سب بحران ٹل جائیں گے ۔ لیاقت بلوچ نے سیالکوٹ ورکنگ بائونڈری پر بھارتی جارحیت اور فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاک بھارت بارڈر پر انسانی جانوں کے المیہ اور درپیش خطرات پر احتجاج کیا اور کہاکہ نریندرمودی انسانوں کے قتل کا ماسٹر مائنڈ اور دہشتگردی پھیلانے کا ماہر ہے ۔ انہوںنے کہاکہ امریکہ اور اسرائیل کی مدد سے بھارت پورے عالمی امن کے لیے خطرناک بن گیاہے ۔ اقوام متحدہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلائے اور بھارت کو ظلم سے روکے ۔