فوڈ اتھارٹی حکام کا فیصل ۱ٓباد کے رمضان بازاروں کا معائنہ ،

مختلف رنگوں میں فروخت ہونے والے سویوں کے سینکڑوں پیکٹس ضبط، معروف برانڈز سے ملتی جلتی پیکنگ اور ڈیزائن میں فروخت ہونے والے جعلی مشروبات اور دیگر اشیاء کو بھی ضبط کرکے قصور واروں کے خلاف کارروائی کا ۱ٓغاز کردیا گیا

ہفتہ 19 مئی 2018 13:57

فیصل آباد۔19 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2018ء) حکومت پنجاب کی ہدایت پر صارفین کو رمضان بازاروں میں معیاری اور خالص اشیائے ضروریہ فراہم کرنے کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی بھر پور کردار ادا کررہی ہے جبکہ اس سلسلہ میں فوڈ سیفی افسران پر مشتمل ٹیمیں رمضان بازاروں کا دورہ کرکے موقع پر مختلف اشیاء کے نمونوں کا ٹیسٹ کر رہی ہیں ۔

یہ بات ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی نور الامین مینگل نے اپنے دورہ فیصل آباد کے دوران مدینہ ٹائون میں سوساں روڈ پر رمضان بازار میں مختلف اشیائے کا معیار چیک کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر۱ٓپریشن سعدیہ امجد اور دیگر فوڈ سیفٹی افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی نے مختلف سٹالز پر جا کر مشروبات ‘ مصالحہ جات ‘ دالوں ‘ چائے کی پتی ‘ گھی اور دیگر اشیاء کی پیکنگ پر تاریخ تیاری اور تاریخ معیاد چیک کیا اور بعض مشروبات کے معیار کو لیبارٹری کٹ کے ذریعے اپنی نگرانی میں چیک کرایا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے دال مسور اور دیگر دالوں کا جائزہ لیتے ہوئے ان کے خالص اور کیمیکل کے رنگوں سے پاک ہونے سے متعلق تسلی کی ۔ انہوں نے کہا کہ دالوں کو مضر صحت کیمیکل کے رنگ لگانے کے گھنائونے فعل کوقطعا برداشت نہیں کیا جائے گا اور قصور واروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہو گی ۔ انہوں نے بعض مشروبات کے اجراء ترکیبی کی جانچ پڑتال کرتے ہوئے فوڈ سیفٹی افسران سے کہا کہ وہ رمضان بازاروں کے معائنے کو شیڈول کا حصہ بنائیں اور معروف برانڈ سے ملتی جلتی پیکنگ اور ڈیزائن میں فروخت ہونے والے جعلی مشروبات اور دیگر اشیاء کو ضبط کرکے قصور واروں کے خلاف کارروائی کریں ۔

انہوں نے کہا کہ فروٹ پکنے والے کیمیکل کا بھی تجزیہ کیا جائے اور فروٹ کی پیٹیوں میں ایسے مضر صحت کیمیکل ہونے کی صورت میں بھی فروخت کرنے کی اجازت نہ دیں ۔ اس موقع پر مختلف رنگوں میں فروخت ہونے والے سویوں کے پیکٹس کو ضبط کر لیا گیا ۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے چکن فروخت کرنے والوں سے کہا کہ وہ صحت و صفائی کا خصوصی خیال رکھیں اور گوشت کی حفاظت کے لئے حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق اقدامات کئے جائیں ۔

ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کہ فوڈ سیفٹی افسران کھانے پینے کی ضروری اشیاء تیار کرنے والی فیکٹریوں کو چیک کرنے کے علاوہ بازاروں میں فروخت ہونے والی اشیاء کے نمونے بھی موقع پر ہی چیک کر رہے ہیں ۔ انہوں نے اپنے عزم کو دہرایا کہ شہریوں کو خالص اور ملاوٹ سے پاک اشیائے خوردنی فراہم کرنا پنجاب فوڈ اتھارٹی کا مشن ہے اس ضمن میں مختلف اصلاحات اور انسداد اقدامات پر عملدرآمد کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ غذائی اشیاء کے حوالے سے شہریوں کی آگاہی کے لئے بھر پور مہم جاری ہے لہٰذا پنجاب فوڈ اتھارٹی کے تکنیکی و فنی معیار پر پورا نہ اترنے والی منصوعات ہر گز استعمال نہ کی جائیں۔