چین کے سنٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل ژینگ یوژیا نے ایئر ہیڈ کوارٹر اسلام آباد کا دورہ

ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

جمعہ 18 مئی 2018 22:12

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2018ء) چین کے سنٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل ژینگ یوژیا نے آج ایئر ہیڈ کوارٹر اسلام آباد کا دورہ کیا۔ چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے ہیڈ کوارٹر آمد پر معزز مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔ ایئر فورس کے ایک چاک و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ان کا پاک فضائیہ کے پرنسپل سٹاف افسران سے تعارف کرایا گیا۔ معزز مہمان نے ایئر چیف مارشل سے علیحدگی میں ملاقات کی، جس کے بعد دونوں رہنمائوں نے باہمی دلچسپی کے امور کے بارے میں باضابطہ بات چیت کے دوران اپنے اپنے وفود کی قیادت کی۔ دونوں رہنمائوں نے پاک فضائیہ اور پیپلز لبریشن ایئر فورس کے درمیان موجودہ خوشگوار تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔