انسپکٹر جنرل کلیم امام کاکوئٹہ خود کش حملہ میں شہید محمد ادریس کے خاندان سے اظہار تعزیت

جمعہ 18 مئی 2018 21:15

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2018ء) نیشنل ہائی ویز این-ڈ موٹروے پولیس زونل آفس کوئٹہ پرحملے میں اسسٹنٹ پٹرول آفیسر موٹروے پولیس محمد ادریس شہید ہو گیا، محمد ادریس نے خود کش حملہ آور کی گاڑی کو روکنے کی کوشش کی جس پر حملہ آور نے گاڑی کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا، شہید محمد ادریس نے بہادری کے ساتھ خود کش حملہ آور کا مقابلہ کیا اور اپنے آج کو ہمارے کل کیلئے قربان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب تقریباًً 8 بجکر 55 منٹ پر ایک موٹرسائیکل سوار خود کش بمبار نے چمن ہائوسنگ سکیم کوئٹہ میں نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس زونل آفس ویسٹ کے مین گیٹ کے بیرونی حصے کی دیوار کو ہٹ کیا، موٹرسائیکل سوار کے پیچھے ایک Vitzکا ر جو کہ باردودی مواد سے بھری ہوئی تھی، زونل آفس کے مین گیٹ سے اندر داخل ہونے کی کوشش کی ،جس کو اسسٹنٹ پٹرول آفیسر محمد ادریس نے روک لیا جس پر Vitzمیں سوار دہشتگردوں نے اپنے آپ کو دھماکہ سے آڑا دیا جس کے نتیجہ میں محمد ادریس موقع پر شہید ہو گئے۔

(جاری ہے)

Vitz کار کے پیچھے ایک سفید رنگ کی ہائی روف وین تھی جس میں03خود کش بمبار سوار تھے۔ انہوں نے وین سے اتر کر گیٹ سے اندر آفس میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ دھماکے کی آوز سن کر ایف سی کے اہلکارموقع پر پہنچ گئے اور ایف سی کے اہلکاروں اور نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے جونیئر پیٹرول آفیسر سید محمد آصف نے بہادری کا مقابلہ کرتے ہوئے خود کش بمباروںکو اندر داخل ہونے سے روک دیا اور فائرنگ کے تبادلہ میں 02خود کش حملہ آوروں کو گیٹ کے بیرونی حصے میں فائرنگ کر کے ہلاک کردیا جبکہ ایک خود کش بمبار نے خود کو گیٹ پر بلاسٹ کر دیا۔

اس وقوعہ میں نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے جونیئر پیٹرول آفیسر محمد آصف زخمی ہو گئے۔ اسسٹنٹ پیٹرول آفیسر محمد ادریس اور جونیئر پیٹرول آفیسر سید محمد آصف زونل آفس کے مین گیٹ پرڈیوٹی پر مامور دتھے۔ وقوعہ کے فوراًًً بعد ڈسڑکٹ پولیس، ایف سی کی مزید نفری ، آرمی کے کمانڈوز اور اے ٹی ایس کی نفری بھی پہنچ گئی اور ہلاک خود کش بمباروں سے بارودی مواد کو ناکارہ بنایا اور زخمی اہلکار کو فوری طور پر ایف سی ہسپتال منتقل کرد یا گیا، شہید محمد ادریس کی نماز جنازہ میں شہید کے والد رمضان قیصرانی ، ایف سی اور نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے افسران نے شرکت کی۔

ا س موقع پر شہید کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ شہید کے میت کو آبائی گائوں شادن لنڈ ڈیرہ غازی خان سے بجانب تونسہ بھجواد دی گئی ہیں۔ جہاں پر شہید کو پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ دفن کیا جائے گا۔ ایڈیشنل انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس غلام رسول زاہد بھی شہید محمد ادریس کے آبائی علاقے کی جانب روانہ ہو گئے ہیں۔ انسپکٹر جنرل ، نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ڈاکٹر سید کلیم امام نے کہا کہ محمد ادریس کی امن کیلئے جام شہادت قابل فخر ہے،، محمد ادریس 2010ء میں نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس میں بھرتی ہوئے ، شہید نے بیوہ اور دوکمسن بیٹیاں سوگوار چھوڑیں۔

نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس میں اب تک 34افسران ہوئے ہیں جنہوں نے اپنے فرائض منصبی سر انجام دیتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ ڈاکٹر سید کلیم امام نے شہید کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ محمد ادریس نے اپنے آج کو ہمارے کل کے لئے قربان کردیا اور اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے ملک کو ایک بہت بڑی تباہی سے بچا لیا۔ انسپکٹر جنرل ڈاکٹر سید کلیم امام نے شہید کے خاندان والوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے درجات کے بلندی کیلئے دعا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاکی۔