ْآئی سی سی کے قانون کو تنقید کا نشانہ بنانے پر آل رائونڈر محمد حفیظ کو شوکاز نوٹس جاری

جمعہ 18 مئی 2018 20:47

ْآئی سی سی کے قانون کو تنقید کا نشانہ بنانے پر آل رائونڈر محمد حفیظ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2018ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے مشکوک بالنگ ایکشن سے متعلق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے قانون کو تنقید کا نشانہ بنانے پر آل رائونڈر محمد حفیظ کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔محمد حفیظ پر گزشتہ سال تیسری مرتبہ مشکوک بالنگ ایکشن کے سبب پابندی لگی تھی اور حال ہی میں انہوں نے اپنا ایکشن کلیئر کیا تھا تاہم گزشتہ دنوں انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران بالنگ ایکشن کے حوالے سے آئی سی سی کے قانون پر سوالات اٹھائے تھے۔

حفیظ نے اس انٹرویو میں کہا تھا کہ مشکوک ایکشن کے حوالے سے کئی چیزیں اثرانداز ہوتی ہیں، اس کا بورڈز کی طاقتور ہونے سے بہت تعلق ہے اور کوئی بھی ان کھلاڑیوں پر پابندی لگا کر تعلقات خراب کرنا نہیں چاہتا۔انہوں نے اس بات پر بھی حیرانی کا اظہار کیا تھا کہ آخر کوئی عام آنکھ بالنگ کرنے والے کے کندھے محض ایک یا دو ڈگری کے خم کو دیکھ سکتا تھا۔

(جاری ہے)

50 ٹیسٹ، 200ون ڈے اور 81 ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیلنے والے آل رانڈر نے دوٹوک الفاظ میں کہا تھا کہ مجھے ایکشن مشکوک قرار دیے جانے کے طریقہ کار پر شک ہے۔ یہ مشکوک ہے کیونکہ میچ ریفریز یا فیلڈ امپائرز ان کھلاڑیوں کے ایکشن کو کیوں نہیں دیکھتے دن کے کندھے میں 35ڈگری تک خم آتا ہے لیکن میرا 16ڈگری کا خم دیکھ لیا ۔پی سی بی ذرائع کے مطابق آئی سی سی آفیشلز نے اس بیان پر عدم اطمینان کا اظہار کیا جس کے بعد حفیظ کو شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا۔