ملکوال،محکمہ ہائی وے کی طرف سے دریائے جہلم پر ٹریفک پل کی تعمیر کے لئے ورک آرڈر جاری کردیاگیا

تحصیل ملکوال اور پنڈدادنخان سمیت بھلوال، چکوال،چواسیدن شاہ ،خوشاب سمیت دیگر علاقوں کے لاکھوں افراد فائدہ اٹھا سکیں گے،وزیراعظم کے معاون خصوصی ناصر اقبال بوسال کی کاوشوں کو خراج تحسین

جمعہ 18 مئی 2018 19:56

ملکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مئی2018ء) محکمہ ہائی وے کی طرف سے دریائے جہلم پر ٹریفک پل کی تعمیر کے لئے ورک آرڈر جاری کردیاگیا،تحصیل ملکوال اور پنڈدادنخان سمیت بھلوال،چکوال،چواسیدن شاہ ،خوشاب سمیت دیگر علاقوں کے لاکھوں افراد فائدہ اٹھا سکیں گے،وزیراعظم کے معاون خصوصی ناصر اقبال بوسال کی کاوشوں کو خراج تحسین ،مسئلہ اجاگر کرنے پرمقامی صحافیوں الحاج ریاض احمد،سکندر حیات گوندل ،محمد خالد میکن،طارق بھٹی،نسیم اکمل خان،چوہدری آصف اور دیگر کی بھی عوام کی طرف سے پذیرائی۔

تفصیلات کے مطابق تحصیل ملکوال اور پنڈدادنخان کے درمیان دریائے جہلم پر ٹریفک پل کا 60 سالہ مطالبہ پورا ہوتا نظر آرہا ہے ،اس حوالہ سے ہر سابقہ دور حکومت میں ضلع جہلم اور منڈی بہائوالدین کے عوامی نمائندے چک نظام ٹریفک پل کی تعمیر کے وعہدوں پر ووٹ لیتے چلے آرہے تھے مگر کبھی بھی اقتدار میں آکر کسی نے دریائے جہلم پر ٹریفک پل کی تعمیر کی سنجیدہ کوشش نہیں کی ،تاہم موجودہ لیگی حکومت میں وزیراعظم کے معاون خصوصی ایم این اے ناصر اقبال بوسال نے اپنی بھرپور کوششوں سے نہ صرف ساڑھے تین ارب روپئے کی لاگت کا یہ منصوبہ منظور کروایا بلکہ مختلف محکموں کے ساتھ رابطوں میں پوری توجہ اور دلچسپی قائم رکھی اوراسی حوالہ سے بر وقت ٹینڈر ہوئے نقشے بنے حتیٰ کہ پوری منصوبہ بندی سے معاملات پایہ تکمیل تک پہنچائے گئے ،اور یہ ہی وجہ ہے کہ تین روز قبل منصوبہ کی ٹینڈر یافتہ پاکستان کی صف اوول کی کمپنی این ایل سی (نیشنل لاجسٹک سیل)کو محکمہ ہائی ویز منڈی بہائوالدین کی طرف سے دریائے جہلم پر تحصیل پنڈدادنخان اور ملکوال کے درمیان ٹریفک پل کی تعمیر کا باقاعدہ ورک آرڈر بھی جاری کر دیا گیا ہے،کمپنی کو 27 کروڑ روپئے بھی جاری کئے گئے ہیں جس سے آنے والے چند روز میں ابتدائی کام کی شروعات ہونے جارہی ہے۔

(جاری ہے)

نقشہ کے مطابق ٹریفک پل کی سڑک ملکوال شہر میں دریائے جہلم کے کنارے واقع دامن خضر پارک کے قریب شمال کی جانب سے ہوتی ہوئی تحصیل پنڈدادنخان کے علاقہ ڈھنگوال اور عادووال کے درمیان جہلم پنڈدادنخان روڈ سے ملے گی۔ذرائع کے مطابق دریا میں ٹریفک پل کی لمبائی تقریباً ڈیڑھ کلومیٹر ہوگی جبکہ ملکوال اور پنڈدادنخان کے اطراف دریا کے قریبی علاقوں میں بڑے سپر بند بنا کر کارپٹ سڑکوں سے ملایا جائے گا۔

اس میگا پراجیکٹ سے تحصیل ملکوال اور پنڈدادنخان سمیت بھلوال،چکوال،چواسیدن شاہ ،خوشاب سمیت دیگر علاقوں کے لاکھوں افراد فائدہ اٹھا سکیں گے۔پل کی تعمیر کے حوالہ سے مقامی صحافیوں الحاج ریاض احمد،سکندر حیات گوندل ،محمد خالد میکن،طارق بھٹی،نسیم اکمل خان،چوہدری آصف اور دیگر کی کاشوں کو بھی عوامی حلقوں میں سراہا جارہا ہے۔