Live Updates

بجٹ میں نئی ترقیاتی اسکیمیںرکھ رہے ہیں جنہیں الیکشن کے بعد نئی حکومت دیکھے گی، میئر کراچی

کراچی کو اس کے حقوق دلانے کے لئے کورٹ سے رجوع کیا ہے ، وفاقی و صوبائی حکومت کراچی کو اون کریں اور اس کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں، وسیم اختر

جمعہ 18 مئی 2018 19:33

بجٹ میں نئی ترقیاتی اسکیمیںرکھ رہے ہیں جنہیں الیکشن کے بعد نئی حکومت ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں نئی ترقیاتی اسکیمیںرکھ رہے ہیں جنہیں الیکشن کے بعد نئی حکومت دیکھے گی، کراچی کو اس کے حقوق دلانے کے لئے کورٹ سے رجوع کیا ہے ، وفاقی و صوبائی حکومت کراچی کو اون کریں اور اس کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں، شہر میں تجاوزات کے خاتمے کے لئے مہم شروع کی ہے، سندھ گورنمنٹ کو ٹھیکے دینے کا شوق ہے، شفیق موڑ پر شہریوں کے لئے سڑک عبور کرنا مشکل ہوگیا تھا، یہاںحادثات سے بچائو کے لئے بلدیہ عظمیٰ کراچی نے صرف بیس دن میں یہاں سڑک عبور کرنے کے لئے پیڈسٹرین برج تعمیر کیا ہے جس سے نمازیوں ، یہاں کے رہائشیوں اور دیگر افراد کو سہولت ملے گی، یہ بات انہوں نے جمعہ کے روز شفیق موڑ فیڈرل بی ایریا میں مسجد اقصی کے قریب تعمیر کئے گئے پیڈسٹرین برج کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن امین الحق، وائس چیئرمین بلدیہ وسطی سید شاکر علی، چیئرمین اراضیات کمیٹی سید ارشد حسن، چیئرمین ورکس کمیٹی حسن نقوی، چیئرمین مالیات کمیٹی ندیم ہدایت ہاشمی ، یوسی چیئرمین اور دیگر منتخب نمائندے اور افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی نے کہا کہ آٹھ ماہ پہلے اس علاقے کا دورہ کیا تھا اور مجھے معلوم ہوا تھا کہ اس مقام پر ٹریفک کا بہائو تیز ہونے کی وجہ سے طلبا و طالبات ، نمازیوں ، کاروباری حضرات اور دیگر لوگوں کے لئے سڑک عبور کرنا بے حد مشکل تھا جبکہ یہاں متعدد حادثات بھی ہوئے جن میں کئی لوگ جاں بحق اور زخمی ہوئے لہٰذا یہ ضروری تھا کہ شہریوں کے اس اہم مسئلے پر توجہ دی جائے، پیڈسٹرین برج کی تعمیر سے اس علاقے کا ایک دیرینہ مسئلہ حل ہوا ہے جس سے تمام لوگوں کو سہولت حاصل ہوگی اور لوگوں کا قیمتی وقت بھی بچے گا، انہوں نے کہا کہ شہر میں جتنے بھی مسائل ہیں ان کے حل کے لئے عوام کے منتخب نمائندے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں اور تمام تر دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ترقیاتی کام انجام دیئے جا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ شہر کے تمام علاقے ہمارے لئے یکساں ہیں اور کراچی میں بسنے والے ہر شہری کو بہتر بلدیاتی سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، انہوں نے کہا کہ سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر تجاوزات کی وجہ سے ٹریفک جام اور حادثات کی شکایات سننے میں آتی ہیں لہٰذا بلدیہ عظمیٰ کراچی نے تجاوزات کے خاتمے کے لئے ایک مربوط مہم شروع کی ہے جس کا مقصد شہریوں کو تکلیف پہنچانے والی رکاوٹوں سے محفوظ رکھنااور سڑکوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا ہے، خاص طور پر رمضان المبارک کے مہینے میں یہ ضروری ہے کہ سڑکوں اور چوراہوں کو تجاوزات سے پاک رکھا جائے تاکہ روزے داروں کو ان کی وجہ سے پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے، میئر کراچی نے کہا کہ کراچی کے مسائل صرف اس شہر کے مسائل نہیں بلکہ صوبائی اور وفاقی حکومتوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ پورے ملک کو چلانے والے اس اہم شہر کی مشکلات کو دور کرنے کے لئے اقدامات کریں، کراچی سے حاصل ہونے والے ریونیو کی بدولت ملک کا بجٹ بنتا ہے لہٰذا یہاں صنعتی و کاروباری سرگرمیوں کو تحفظ فراہم کرنے اور ان کے فروغ کے لئے صوبائی اور وفاقی سطح پر کوششیں کی جانی چاہئیں، کراچی کو جتنا بہتر بنائیں گے، اتنا ہی یہ شہر ملک کی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرنے کے قابل ہوسکے گا۔

Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات