نگران وزیر اعظم کا انتخاب، وزیر اعظم اور قائد حزب اختلاف کی چوتھی ملاقات میں بھی حتمی امیدوار کا نام طے نہ ہو سکا

قائد حزب اختلاف کے دئیے گئے نام پر پارٹی قیادت سے مشاورت کیلئے شاہد خاقان عباسی نے وقت مانگ لیگا فیصلہ کن ملاقات اب منگل کو ہوگی ْ منگل کو ایک امیدوار پر اتفا ق رائے ہوجائے گا اور اس کا اعلان خود کر ونگا،سید خورشیدشاہ

جمعہ 18 مئی 2018 18:38

نگران وزیر اعظم کا انتخاب، وزیر اعظم اور قائد حزب اختلاف کی چوتھی ملاقات ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مئی2018ء) نگران وزیر اعظم کے انتخاب کے معاملے پر وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ کے درمیان جمعہ کو ہونے والی چوتھی ملاقات میں بھی حتمی امیدوار کا نام طے نہ ہو سکا اور جو نام قائد حزب اختلاف نے وزیر اعظم کو پیش کئے ہیں ان پر پارٹی قیادت سے مشاورت کے لئے شاہد خاقان عباسی نے وقت مانگا ہے دونوں کے درمیان فیصلہ کن ملاقات اب منگل کو ہوگی اور قائد حزب اختلاف کا کہنا ہے کہ وہ پر امید ہیں کہ منگل کو ایک امیدوار پر اتفا ق رائے ہوجائے گا اور وہ اس کا اعلان خود کرینگے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو پارلیمنٹ ہا ئو س میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کے درمیان نگران وزیر اعظم کے انتخاب کے معاملے پر چوتھی ملاقات ہوئی تاہم دونوں کسی ایک نام پر متفق نہیں ہو سکے کیونکہ دونوں طرف سے اب کچھ نئے نام بھی سامنے آگئے ہیں اور اپوزیشن لیڈر نے جو نئے نام دیئے ہیں اس پر پارٹی قیادت سے مشاورت کے لئے وزیر اعظم نے چند دن کا وقت مانگا ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ جن امیدوار وں کے ناموں پر اس چوتھی ملاقات میں بھی غور جا ری رہا ان میں سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس ر تصدق حسین جیلانی ، سابق گورنرز سٹیٹبنک عشرت حسین اور شمشاد اختر،سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان ،اقوام متحدہ میں پاکستان کے سابق مندوب حسین عبد اللہ ہارون اور سابق گورنر اویس غنی شامل ہیں ، اس کے علاوہ سیاسی حلقوں میں سابق چئیرمین سینیٹ محمد میاں سومرو اور قومی اسمبلی کے موجودہ سپیکر ایاز صادق کا نام بھی بطور نگران وزیر اعظم کے لیا جا رہا ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر نے مشاورتی عمل کو وسعت دینے کا فیصلہ اسی لئے کیا تاکہ جو نئے نام سامنے آئے ہیں ان پر غور کیا جا سکے اور اپوزیشن لیڈر نے جو نام دیئے ہیں ان پر اب شاہد خاقان عباسی اب نواز شریف اور شہباز شریف سے مشاورت کرینگے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں نے اس وقت تک حتمی امیدوار کا نام خفیہ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جب تک وہ اس حوالے سے مکمل طور پر اتفاق نہ کر لیں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ وزیرا عظم نے چونکہ ترکی جانا تھا اس لئے تفصیلی مشاورت نہیں ہو سکی اور اب ہم دونوں منگل کو ملیں گے اور منگل کو ہی کسی ایک نام پر اتفاق ہوجائے گا جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا حکومت اور اپوزیشن نے اپنے اپنے نام دے دیئے ہیں تو اس سوال کا جواب خورشید شاہ گول کر گئے اور کہا کہ حکومت نے اپنے نام شیئر نہیں کئے تو میں نے بھی ابھی تک اپوزیشن کے نام نہیں دیئے تاہم ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی کہ دونوں نے اپنے اپنے نام ایک دوسرے سے شیئر کئے ہیں تاہم بدلتے ہوئے حالات کے تناظر میں وہ طے شدہ ناموں سے ہٹ کر بھی بعض ناموں پر غور کر رہے ہیں اور اسی لئے ابھی تک اتفاق رائے نہیں ہوا اگر دونوں میں اتفاق نہ ہوا تو پھر معاملہ الیکشن کمیشن کی کورٹ میں چلا جائے گا ۔