مقبوضہ کشمیر، مسلم لیگ کا غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کو خراج تحسین

انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے مسرت عالم ، قاسم فکتو اور دیگر کی رہائی کیلئے کردار ادا کرنے کی اپیل

جمعہ 18 مئی 2018 13:20

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2018ء) جموںوکشمیر مسلم لیگ نے جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بندکشمیریوں کے عزم وہمت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریوں کی بیش بہا قربانیاں ایک روز ضرور رنگ لائیں گی اور جموں وکشمیر بھارت کے غاصبانہ قبضے سے آزاد ہو گا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق جموںوکشمیر مسلم لیگ کے قائمقام چیئرمین عبدالاحد پرہ کی سربراہی میں پارٹی کا ایک وفد جیلوں میں نظر بند کشمیریوںکے اہلخانہ کیساتھ اظہار یکجہتی کے لئے بانڈی پورہ اور سوپور گیا۔

عبدالاحد پرہ نے اس موقع پر نظر بندوں کے اہلخانہ کے ساتھ اپنی بات چیت میں کہا کہ جیلوں، تھانوں اور عقوبت خانوںمیں غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیری اپنا آج قوم کے روشن مستقبل کے لئے قربان کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے نظر بندوں کے حوصلوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام اپنے پیدائشی حق ، حق خود ارادیت کے لئے عظیم قربانیاں دے رہے ہیں جو ایک روز ضرور رنگ لائیں گی۔

عبدالاحد پرہ نے کہا کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کے پرخچے اڑا رہا ہے اور اس نے مقبوضہ علاقے کی جیلوں کے ساتھ ساتھ بھارتی جیلیں کشمیریوں سے بھر رکھی ہیں۔ انہوںنے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مسلم لیگ کے غیر قانونی طور پر نظر بند چیئرمین مسرت عالم بٹ، ڈاکٹر محمد قاسم فکتو، ڈاکٹر شفیع شریعتی، غلام قادر بٹ ، محمد یوسف میر، آسیہ اندرابی، شبیر احمد شاہ، اسداللہ پرے، فہمیدہ صوفی، ناہیدہ نسرین، حکیم شوکت، معراج الدین نندا، مولوی سجاد، محمد یوسف فلاحی، امیر حمزہ، عبدالرشید بٹ، خان سوپوری، فاروق توحیدی، عبدالمجید ڈار، عبدالرشید بٹ، فیاض احمد ، محمد اشرف ملک، عبدالغنی بٹ، میر حفیظ اللہ، محمد قاسم شیخ، ذاکر حسین بٹ، معراج الدین نائیکو،خورشید احمد اور دیگر سینکڑوں نظر بند کشمیریوں کی رہائی کیلئے بھارت پر دبائو ڈالیں۔

متعلقہ عنوان :