وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی اہلیہ تہمینہ درانی کی ن لیگ پر تنقید

کیا شہید کرنل سہیل عابد خلائی مخلوق ہیں؟ تہمینہ درانی کا ٹویٹر پیغام

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 18 مئی 2018 12:22

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی اہلیہ تہمینہ درانی کی ن لیگ پر تنقید
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 مئی 2018ء) : مسلم لیگ ن کے صدر اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی اہلیہ تہمینہ درانی نے اپنے ٹویٹ میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کو تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں تہمینہ درانی نے کہا کہ کیا شہید کرنل سہیل عابد ایک خلائی مخلوق ہیں؟
جس پر ایک صارف نے انہیں کہا کہ آپ اپنے جیٹھ سے یا مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے یہ سوال پوچھیں،
جس پر تہیمنہ درانی نے جواب دیا کہ میرا اپنا ذہن اور اپنی سوچ ہے، میں دنیا کو ہمارے مفاد میں بدلنا چاہتی ہوں، میرے شوہر کا خاندان مجھے تسلیم نہیں کرتا، لہٰذا برائے مہربانی مجھے صرف شہباز شریف سے ہی منسوب کیا جائے، لیکن میں کبھی بھی قوم کے مفاد میں آواز اُٹھانا بند نہیں کروں گی۔

(جاری ہے)

ایک اور صارف نے ان سے سوال کیا کہ کیا آپ شہباز شریف سے بھی یہی سوال کیا؟
اس پر تہمینہ درانی نے کہاکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کئی جانیں جا چکی ہیں،انہوں نے اپنے پیغام میں شہید کرنل سہیل عابد کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ فوجی اپنی جانیں دے کر اس ملک کی حفاظت کرتے ہیں۔ میں صرف اتنا پوچھ رہی ہوں کہ کیا شہید کرنل سہیل عابد بھی خلائی مخلوق ہیں جس کا بار بار تذکرہ کیا جاتا ہے؟
یاد رہے کہ آپریشن ردالفساد کے تحت سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے کلی الماس میں آپریشن کیا جس کے نتیجے میں لشکر جھنگوی بلوچستان کے سربراہ سمیت تین دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں ملٹری انٹیلجنس کے کرنل سہیل عابد شہید جبکہ 4 جوان زخمی ہوئے تھے۔