بھارت میں امتحانات کے دوران نقل سے روکنے کے لیے خواتین کی آستینیں کاٹ دی گئیں

Ameen Akbar امین اکبر جمعرات 17 مئی 2018 23:24

بھارت میں امتحانات کے دوران نقل سے روکنے کے لیے خواتین کی آستینیں کاٹ ..

نیو دہلی ، بھارت کے ایک کالج پر اس وقت پابندی عائد کر دی گئی جب وہاں نرسنگ کا امتحان   دینے کے لیے آنے والی خواتین امیدواران کی آستینیں محض اس بنا پر کاٹ دی گئیں کہ دوران امتحان نقل نہ کریں۔
بھارتی ٹی وی پر دکھائی جانے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سکول کا دفتری عملہ قینچی اور بلیڈ کی مدد سے اتوار کے روز امتحانی ہال سے باہر خواتین کی آستینیں کاٹ رہا ہے۔


ویڈیو میں بہت سی خواتین  کو امتحانی ہال میں اپنی کٹی پھٹی آستینیں اٹھائے جاتے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ درجنوں پولیس والے حفاظتی گارڈ کے طور پر باہر کھڑے ہیں۔ یہ واقعہ ریاست بہار کے ضلع مظفرپور میں پیش آیا۔ اس واقعے کے بعد دیگر امتحانی مراکز کے باہر احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور سوشل میڈیا پر بھی شکایات کا ایک نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہوگیا۔

(جاری ہے)


ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لالن پرساد سنگھ  کا کہنا ہے کہ آستینیں امیدواروں  کے تحفظ کی غرض سے کاٹی گئیں لیکن اس واقعہ کے ذمہ دار کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ مذکورہ امتحانی مرکز میں  آئندہ امتحانات کے لیے پابندی لگا دی گئی ہے۔
بھارتی مشرقی ریاست امتحانات میں دھوکہ دہی اور  نقل کرنے کے معاملے میں کافی بدنام ہے اور اس سلسلے میں اکثر خبریں سامنے آتیں رہتی ہیں۔

ریاست بہار کی حکومت نے اسکول کے امتحان میں نقل کرنے پر تقریباً 1,000 طلباء کو نکال دیاتھا۔
فروری 2016ء میں مظفرپور میں فوج میں بھرتی کے لیے منعقدہ تحریری امتحان میں امیدواران کو صرف زیر جامے میں ملبوس ہوکر بیٹھنے کی اجازت دی گئی تھی۔
حکام پہلے ہی طلبا کو امتحانات میں جوتے پہننے سے روک چکے ہیں تاکہ وہ کسی قسم کا تعلیمی مواد نقل کی غرض سے اندر نہ لے جا سکیں۔


اس سے قبل ماضی میں بہت سے والدین کو امتحانی مرکز میں اپنے بچوں کی مدد کرنے پر گرفتار کیا گیا تھا۔ ان میں سے کچھ نے پرچہ میں آنے والے سوالات کے جواب امتحانی ہال میں پہنچانے کے لیے سیڑھی کا استعمال بھی کیا۔
2016ء میں تین ٹاپ ہائی اسکولوں کے طلبا کو گرفتار کیا گیا کیونکہ وہ ٹیلی ویژن پر سادہ سے سوالوں کے جواب دینے میں ناکام رہے تھے حالانکہ وہ متعلقہ مضمون پاس کر چکے تھے۔

تفتیش سے پتہ چلا کہ انہوں نے امتحان میں نقل کرنے کے لیے رشوت دی تھی۔
دوسری ریاستوں میں بھی امتحانات کے دوران نقل کا  مسئلہ درپیش ہے اور اس سلسلے کو ختم کرنے کے لیے مختلف اقدامات اور حربے اختیار کیے جاتے ہیں جو اکثر نامناسب ہوتے ہیں نیز ان کا اطلاق کرتے وقت مرد وعورت میں کوئی تخصیص بھی نہیں کی جاتی۔