اللہ کی محبت کی انتہا اللہ کی محبت میں ہے، اس بات کا خوف کہ ایسا کام نہ کروں کہ اللہ ناراض ہو جائے،نیئر کاشف

جمعرات 17 مئی 2018 22:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مئی2018ء) نائب مرکزی نگراں نشرو اشاعت جماعت اسلامی حلقہ خواتین نیئر کاشف نے کہا ہے کہ اللہ کی محبت کی انتہا اللہ کی محبت میں ہے اور اس بات کا خوف کہ ایسا کام نہ کروں کہ اللہ ناراض ہو جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی حلقہ خواتین ضلع وسطی زون نارتھ ناظم آباد کے زیر اہتمام شادمان ٹائون UC-8 میں استقبال رمضان کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اللہ کی محبت کو شدید تر بنانا ہے اور اس کے لئے ہمیں اپنے قلب کی صفائی بھی کرنی ہوگی اور روحانی صفائی بھی کرنی ہوگی، ہمیں اپنے اندر روحانی طاقت بیدار کرنی ہے اور اللہ کی محبت حاصل کرنے کے لئے صبر کرنا ہوگا۔ روزہ 30 دن کا ٹریننگ سیشن ہے، اپنی روٹین ٹھیک کرنے کا نام ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہروزہ کا مقصد جس تقویٰ کا حصول ہے وہ تقویٰ ہم سے اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ ایک ایسے ماحول کی تشکیل کی جائے جس میں نیکیاں کرنا آسان ہو اور خیر کا فروغ بدی کے مقابلے میں زیادہ ہو، اس ماہ کی رحمت دلوں پر چڑھے نفس پرستی کے غلاف چیرکر اُن کی اصلاح کرتے ہوئے اعمال کو خالص کر تی ہے اسی لئے نبی اکرم ﷺ ہمیشہ مسلمانوں کو اس ماہ مبارک کی رحمتوں کی طلب کا شوق دلاتے اور اس کے خزانوں کو زیادہ سے زیادہ سمیٹنے کا حکم دیتے۔

اس عبادت میں خلوص بہت زیادہ ہے اس لئے اس کا ثواب بھی بہت زیادہ ہے۔ پروگرام کے آخر میں رمضان سے متعلق قرارداد پیش کی گئی۔#

متعلقہ عنوان :