پانی کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے ، میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ

جمعرات 17 مئی 2018 22:42

سکھر۔ 17مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2018ء) میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا ہے کہ پانی کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے لہٰذا موسم گرما میں پانی کی فراہمی کے لئے مختلف اقدامات کئے گئے ، بکھر آئلینڈ سے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا ، واٹر ورکس کے تینوں فیز کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے دوران پہلی مرتبہ جنریٹرز سے چلایا جارہا ہے جبکہ 4 جنریٹرز فراہمی و نکاسی آب کے لئے نئے خریدے جارہے ہیں، واٹر ورکس میں برسوں سے خراب حالت میں پڑے ہوئے 4 جنریٹرز بھی مرمت کے لئے کراچی بھجوائے جاچکے ہیں، اس کے بعد بجلی کی عدم فراہمی کی وجہ سے نکاسی و فراہمی آب کا نظام متاثر نہیں ہوگا جبکہ ٹکر محلہ پر ٹنکی کو فعال کردیا ہے، بوسیدہ پائپ لائن بھی تبدیل کردی گئی ہے ، جس کی وجہ سے ان علاقوں میں پانی کی قلت میں خاطر خواہ کمی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام پمپنگ اسٹیشنز پر مرمتی کام بھی ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرلئے گئے ہیں، واٹر ورکس کے انجینئرز ، اسٹاف اور خاص طور پر والوز مینوں کو الرٹ کردیا گیا ہے، تمام یو سی چیئرمین بھی اپنے اپنے علاقوں میں فراہمی و نکاسی آب کو فعال بنانے میں فعال کردار ادا کررہے ہیں ، بلدیہ اعلیٰ سکھر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کروڑوں روپے فراہمی آب کی اسکیموں پر خرچ کئے جارہے ہیں، پانی کی کمی ہر شہر میں ہے البتہ سکھر میں بعض علاقوں میں شکایات ملنے پر فوری اقدامات کئے جاتے ہیں ، پانی کے مسئلہ کا دریاء سے پانی دستیابی سے بھی تعلق ہے تاہم پانی انسانی ضرورت کے لئے اہم ہے اس لئے نہ صرف بلدیاتی قیادت بلکہ شہری، سماجی و سیاسی حلقوں کو بھی اس میں مثبت انداز میں تعاون کرنا چاہئے ، احتجاج سے یہ مسئلہ حل کرنے کی بجائے مل کر ساتھ بیٹھنے سے حل کریں ، پیپلز پارٹی ہر فرد کو سہولتوں کی فراہمی پر یقین رکھتی ہے، ہماری کارکردگی بہتر ہے اسی لئے دوسری پارٹیوں سے بھی پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا سلسلہ جاری ہے، جس کی تازہ ترین مثال یو سی چیئرمین فرید صدیقی اور سماجی رہنما محمد سعید بندھانی کی میری موجودگی میں پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنا ہے۔