پاک چین اقتصادی راہداری کے ابتدائی مرحلے کی کامیاب تکمیل کے بعد صنعتی تعاون کے دور کا آغاز کیا جا رہا ہے‘شعیب احمد صدیقی

صنعتی تعاون کے نتیجے میں پاکستان خطے میں پیداواریت کا مرکز بن کر ابھرے گا،پاک چین صنعتی تعاون سے پاکستان میں موجود صنعتی شعبے کو جدید بنانے میں مدد ملے گی‘وفاقی سیکرٹری منصوبہ بندی

جمعرات 17 مئی 2018 22:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2018ء) وفاقی سیکرٹری ی منصوبہ بندی شعیب احمد صدیقی نے کہاکہ پاک چین اقتصادی راہداری کے ابتدائی مرحلے کی کامیاب تکمیل کے بعد صنعتی تعاون کے دور کا آغاز کیا جا رہا ہے، صنعتی تعاون کے نتیجے میں پاکستان خطے میں پیداواریت کا مرکز بن کر ابھرے گا،پاک چین صنعتی تعاون سے پاکستان میں موجود صنعتی شعبے کو جدید بنانے میں مدد ملے گی۔

ان خیالات کااظہارانہوںنے لاہور میں منعقد ہ گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ا نہوںنے کہاکہ صنعتی تعاون کے ابتدائی مرحلے میں پاکستان کے چاروں صوبوں میں اقتصادی زونز کا تعین کیا گیا ہے،صنعتی زونز کے قیام سے چاروں صوبوں میں صنعتوں کے قیام اور صنعتی پیداوار کو خطے کے دیگر ممالک تک رسائی حاصل کرنے کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ صنعتی زونز کے قیام میں مقامی سطح پر سہولیات، صنعتی فضا کی سازگاری، خام مال کی موجودگی، کم سے کم پیداواری لاگت اور پیداوار کی ارزاں رسانی کے وسائل کی موجودگی کو ملحوظ خاطر رکھا گیا ہے۔صنعتی زونز کے قیام سے صوبوں میں موجود چھوٹی اور گھریلو صنعتوں کی پیداوار کو بھی دیگر ممالک تک باآسانی درآمد کیا جا سکے گا۔انہوںنے کہاکہ صنعتی زونز کے قیام کے لئے ملک بھر کے صنعتکاروں اور تاجروں سے مشاورت کی گئی ہے۔چین کی صنعتوں کی منتقلی سے تجربہ، ٹیکنالوجی اور مہارت منتقل ہوگی اور روزگار کے بیسیوں مواقع میسر آئیں گے۔