کوئٹہ میں ایف سی مددگار سینٹر پر حملہ

دھماکوں کے بعد فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں،پولیس

جمعرات 17 مئی 2018 21:31

کوئٹہ میں ایف سی مددگار سینٹر پر حملہ
کوئٹہ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار- 17مئی 2018ء ) :صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں تین زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔ دھماکوں کی آوازیں سنے جانے کے بعد دھماکوں کی جگہ اور نوعیت معلوم کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔ جبکہ ریسکیو ٹیموں اور سیکورٹی فورسز کو بھی فوری الرٹ کر دیا گیا ہے۔کچھ ذرائع کے مطابق دہشتگردوں نے ایف سی مددگار سینٹر میں گھس کر حملہ کیا ہے۔

حملے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔دھماکوں کے بعد فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں۔پولیس اورایف سی نےعلاقے کو گھیرے میں لےلیا۔پاک فوج کے دستوں کو بھی جائے وقوعہ پر پہنچا دیا گیا ہے۔امدادی کاروائیوں کا آغاز بھی کر دیا گیا۔تازہ ترین اطلاعات کے مطابق دہشتگرد ایف سی سینٹر میں گھس گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے دھماکوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے کوئٹہ میں ایف سی مددگار سینٹر پر ہوئے ہیں جبکہ ہماری کوشش ہے کہ ریسکیو آپریشن کو جلد سے جلد مکمل کیا جا سکے۔

واضح رہے کہ جمعرات کے روز دہشت گردوں کی جانب سے خیبرپختوںخواہ کے شہر چارسدہ کو بھی دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا۔ دہشت گردوں نے چارسدہ کو خود کش حملے سے نشانہ بنایا۔ چارسدہ خود کش حملے میں 2 سیکورٹی اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔ جبکہ 12 کے قریب افراد دھماکے کا نشانہ بن کر شدید زخمی ہوئے۔