جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کے تحت امریکی سفارت خانے کی اسرائیل سے بیت المقدس منتقلی پر احتجاجی مظاہرے

جمعرات 17 مئی 2018 21:37

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مئی2018ء) جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی مرکزی سیکریٹری جنرل دردانہ صدیقی نے گذشتہ دنوں امریکی سفارت خانے کی اسرائیل سے بیت المقدس منتقلی پر کیے جانے والے احتجاجی مظاہرے میں اسرائیلی فوجیوں کے ہاتھوں 62 فلسطینیوں کی شہادت کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرزمین مقدس اور مسجد اقصیٰ کی آزادی و حفاظت مسلمانوں کا ایمانی فریضہ ہے ۔

بیت المقدس سے مسلمانوں کا روحانی تعلق ہے جس کی بنا پر مسلمان اس ناپاک صیہونی منصوبے کی ہر سطح پر مذمت اورمزاحمت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کی سرزمین صرف فلسطینیوں کے لیے نہیں بلکہ پورے عالم اسلام کے لئے مقدس و محترم ہے لہذا اس کی حفاظت کا فرض کفایہ ادا کرنے والے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی وقت کی اولین ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ 57 مسلم ریاستوں کے حکمرانوں کی کوتاہیوں اور ناعاقبت اندیشیوں کے سبب امریکہ اور اسرائیل کو یہ جرات ہوئی کہ اس نے وہ اپنے ناپاک منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لئے معصوم اورنہتے فلسطینیوں کا خون تک بہانے سے گریز نہ کیا ۔

دردانہ صدیقی نے کہا کہ امت مسلمہ کا فرض ہے کہ وہ فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم اور مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی اور امریکی سفارتخانے کی منتقلی جیسے ناپاک منصوبہ کی مذمت کرے اور اس کے خلاف ٹھوس اور مضبوط لائحہ عمل بنائے ۔انہوں نے کہا کہ حلقہ خواتین کے تحت جمعہ کے روز فلسطینی بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک بھر میں دورہ قرآن کی کلاسز میں خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا جائے گا اور اسرائیلی مظالم کے خلاف قراداد منظور کروائی جائیں گی۔#