وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے چینی سنٹرل ملٹری کمیشن کے نائب چیئرمین جنرل ژانگ یوژیا کی ملاقات

خطہ کی صورتحال اور پاکستان کی امن کوششوں کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا گیا پاکستان اور چین کے درمیان دفاع اور سکیورٹی سمیت تمام سٹرٹیجک شعبوں میں کثیر الجہتی تعلقات سے خطہ میں امن و استحکام کے مشترکہ ہدف کے حصول کی کوششوں کو استحکام حاصل ہو گا، حکومت سی پیک کے تمام منصوبوں کی جلد تکمیل کیلئے پرعزم ہے، سی پیک خطہ کی تقدیر بدل دے گا، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی

جمعرات 17 مئی 2018 21:18

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے چینی سنٹرل ملٹری کمیشن کے نائب چیئرمین ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے چین کے سنٹرل ملٹری کمیشن کے نائب چیئرمین جنرل ژانگ یوژیا نے وفد کے ہمراہ جمعرات کو یہاں وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق جنرل ژانگ یوژیا کا عہدہ سنبھالنے کے بعد کسی بھی ملک کا یہ پہلا دورہ ہے۔ وزیراعظم نے ان کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ چین کے سنٹرل ملٹری کمیشن کے نائب چیئرمین کے دورہ سے پاکستان اور چین کے درمیان موجودہ سٹرٹیجک تعلقات اور کثیر الجہتی تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔

وزیراعظم نے چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کی چیانگ کیلئے نیک تمنائوں کا پیغام دیا اور چینی قیادت کو پاکستان کے دورہ کی دعوت بھی دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان چینی صدر شی جن پنگ کے پاکستان کو علاقائی امن و استحکام کا ستون قرار دینے کا خیرمقدم کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صدر شی جن پنگ کی قیادت اور وژن قابل تقلید ہے۔ چینی صدر کا بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ ترقی اور رابطوں کے ذریعے خطہ کی تقدیر بدل دے گا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ آزمودہ دوستوں پاکستان اور چین کے درمیان دفاع اور سیکورٹی سمیت تمام سٹرٹیجک شعبوں میں کثیر الجہتی تعلقات سے خطہ میں امن و استحکام کے مشترکہ ہدف کے حصول کی کوششوں کو استحکام حاصل ہو گا۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تمام منصوبوں کی جلد تکمیل کیلئے پرعزم ہے جو کہ خطہ کی تقدیر بدل دے گی اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی مواقع کو عملی شکل دینے میں مدد فراہم کرے گی۔

ملاقات کے دوران خطہ کی صورتحال اور پاکستان کی امن کوششوں کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ چین کے سنٹرل ملٹری کمیشن کے نائب چیئرمین جنرل ژانگ یوژیا نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور علاقائی امن کیلئے پاکستان کی عظیم قربانیوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اور مسلح افواج نے جو عظیم قربانیاں دی ہیں ان کا عالمی سطح پر اعتراف کیا جانا چاہئے۔ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون اور فوجی تعلقات پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کی کہ شنگھائی تعاون سمیت مختلف عالمی فورمز پر یہ تعلقات اور دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی تعاون مزید مستحکم ہو گا۔