اوورسیز پاکستانی ملک کا وقار اور اعزاز ہیں،محمد رفیق رجوا نہ

جو دُنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنے کے ساتھ خطیر زرِمبادلہ کے ذریعے ملکی معیشت میں بھی اہم کردار ادا کررہے ہیں،گو رنر پنجا ب

جمعرات 17 مئی 2018 20:44

اوورسیز پاکستانی ملک کا وقار اور اعزاز ہیں،محمد رفیق رجوا نہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مئی2018ء) گو رنر پنجا ب ملک محمد رفیق رجوا نہ نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا وقار اور اعزاز ہیں جو دُنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنے کے ساتھ ساتھ خطیر زرِمبادلہ کے ذریعے ملکی معیشت میں بھی اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس لاہور میں 6رُکنی اوورسیز پاکستانیوں کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے چوہدری نورالحسن تنویر کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ اوورسیز پاکستان سے باہر ملک کے سفیر ہوتے ہیں اور انہیں ہر وہ کام کرنا چاہئے جس میں ملک و قوم کے امیج میں بہتری آئے۔ انہوں نے کہا کہ آپ لوگ ملک کا قیمتی سرمایہ اور اثاثہ ہیں اور یہ بھی حقیقت ہے کہ وطن عزیز پر جب بھی کبھی مشکل گھڑی آئی تو اوورسیز پاکستانیوں نے دل کھول کر اپنے ملک کی مدد کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی کے عمل میں اوورسیز پاکستانیوں کے کردار کو مزید مؤثر بنانے کے لئے اہم اقدامات اٹھائے جارہے ہیں تاکہ وہ پہلے سے بہتر انداز میں وطن عزیزکی خدمت کرسکیں۔

گورنر نے کہا کہ ملک میں شروع ہونے والے سی پیک منصوبے کی تکمیل سے خوشحالی کا ایک نیا دًور شروع ہوگا جس سے نہ صرف پاکستان بلکہ دیگر ممالک بھی ستفادہ حاصل کرسکیں گے۔ اس موقع پروفد نے گورنر پنجاب کو انہیں درپیش مختلف مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ گورنر نے کہا کہ حکومت کو بیرون ملک میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل کا ادراک ہے اور اس کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جارہا ہے۔