پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل کے زیر اہتمام نئے بھرتی ہونے والے ملازمین کے لئے دو روزہ تربیتی کورس کا انعقاد

جمعرات 17 مئی 2018 20:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مئی2018ء) پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل ، صدر دفاتر میں نئے بھرتی ہونے والے ملازمین (ڈرائیوزر، نائب قاصد، لیب اٹینڈنٹ ، سیکورٹی گارڈز)کے لئے دو روزہ تربیتی کورس کا انعقاد کیا گیا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر یوسف ظفر ، چیئر مین ، پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل ، اسلام آبادنے کہا کہ نئے بھرتی ہونے والے ملازمین کے لئے تربیتی کورس کا انعقاد ایک خوش آئند تبدیلی ہے۔

اس طرح کے تربیتی کورس کے ذریعے استعداد کار ، صلاحیتوں اور دفتری امور میں کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تربیتی کورس کا مقصد نئے آنے والے ملازمین کو تیار کرنا ہو تا ہے کہ وہ اپنے کام میں ماہر ہو جائیں ، کم وقت میں زیادہ کام کر سکیںاور وقت کا صحیح اور بہتر استعمال کر سکیں تاکہ ادارہ زیادہ نفع بخش اور مقابلے کے قابل ہو سکے نیز ملازمین کی تربیت کے نتیجے میں ادارے کے وسائل بہتر انداز میں استعمال ہوتے ہیں ، ادارے کی کارکردگی بہتر ہوتی ہے جس سے ادارے کی ترقی یقینی ہو جاتی ہے۔

(جاری ہے)

ورکشاپ میں شریک ہونے والے ڈرائیورز کو ٹریفک قوانین، آداب سفر ، جسمانی صحت و حفظان صحت، ہنگامی صورتحال میں جان کی حفاظت جیسے انتہائی اہم امور پر ماہرین کی جانب سے تربیت دی گئی۔ تربیت کاروں میں ، محمد اسلم الوری ، سینئر ڈائریکٹر (ایڈمن)پی اے آر سی، ڈاکٹر اعجاز طارق، طبی ماہر، شوکت باجوہ ، ٹرانسپورٹ آفیسر، پی اے آر سی، سہیل بھٹی، ٹرانسپورٹ آفیسر، این اے آر سی شامل ہیںً ہیں۔

تقریب سے ڈاکٹر ندیم امجد، ڈی جی (زرعی انجنیئرنگ ڈویژن) پی اے آر سی نے نئے بھرتی ہونے والے ملازمین کو اپنے کام میں محنت کی تلقین کی اور کہا کہ محنت اور لگن سے کام کرنا سنت نبوی ہے۔ نیز انہوں نے نئے بھرتی ہونے والے ملازمین کو اپنی تعلیمی استعداد مزید بڑھانے کے بارے میں بھی ہدایت کی تا کہ وہ اپنے تعلیمی کارکردگی ، محنت اور لگن کی بنیاد پر ترقی کے مواقع حاصل کر سکیں۔

ڈاکٹر ندیم امجد نے نئے ملازمین کو اپنے افسران سے خوش اسلوبی اور خوش اخلاقی سے پیش آنے کی تلقین کی۔ محمد اسلم الوری ، سینئر ڈائریکٹر (ایڈمن) پی اے آر سی نے نئے بھرتی ہونے والے ملازمین میں نائب قاصد حضرات کو اس بات کی تلقین کی گئی کہ وہ دفتری اوقات میں اپنے دفتر کی صفائی و ستھرائی کا خاص خیال رکھیںاور دفترمیں موجود تمام سرکاری ریکارڈ اور اشیاء کا خاص خیال رکھیںاور افسران بالا کی دی جانے والی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔

نیز انہوں نے نئے بھرتی ہونے والے ملازمین پر اس بات پر خاص زور دیا کہ وقت کی پابندی کا خاص خیال رکھیں اوردفتری نظم و نسق پر پابندی سے عمل کریں۔ محمد اسلم الوری نے مزید کہا کہ تربیت سے مراد ملازمین کے موجودہ کام کے حوالے سے ہنر مندی اور معلومات فراہم کرنا ہے جس سے وہ اپنا کام بہتر انداز سے کرنے کے قابل ہو جاتا ہے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔طارق ورک